لٹکوہ کے عوام فرزند چترال ایم پی اے وزیر زادہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔نمائندگان لٹکوہ،ممبران ڈسٹرکٹ اور وی سی ناظمین کی پریس کانفرنس

چترال ( محکم الدین ) چترال کے سیاحتی علاقہ لٹکوہ کے نمایندگان اور عوام نے پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے گرم چشمہ کالج کے قیام ، گرم چشمہ روڈ اور ارکاری روڈ کی تعمیر کی منظوری پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی چترال وزیر زادہ اور تحریک انصاف کی ضلعی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ پیر کے روز ممبران ڈسٹرکٹ کونسل لٹکوہ محمد حسین ، محمد یعقوب خان نے وی سی ناظمین مجید خان ، رحمت علی ، رحمت اعظم جنرل کونسلر عبداللہ جان ، حسام الدین ، وزیر خان بگوشٹ ،کسان کونسلر جہانگیر خان اور شیر ولی و سردار خان کی معیت میں چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال کا علاقہ لٹکوہ طویل نمایندگی کے باوجود پسماندگی کا شکار ہے ۔ مگر خوش قسمتی سے موجودہ تحریک انصاف کی حکومت میں چترال کے ایم پی اے وزیر زاداہ کی کوششوں سے علاقے کے تین اہم منصوبوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے ۔ جس سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اور ان کو وادی کی ترقی کیلئے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ محمد حسین نے کہا ۔ کہ لٹکوہ سیاحت کے علاوہ تجارتی طور پر بھی اہمیت کا حامل علاقہ ہے ۔ اس وادی نے 1980سے2008تک شاہ سلیم کے راستے شمالی افغانستان کے ساتھ تجارت اور آمدورفت کی بدولت چترال کو بھاری ریونیو دیے ۔ اور اب بھی اگر حکومت اس سلسلے میں اقدامات اُٹھا کر رابطہ بحال کرے ۔ تو بھاری آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ جبکہ چترال گرم چشمہ شاہ سلیم روڈ اس سلسلے میں اہم شاہراہ ثابت ہو گا ۔ اس سے نہ صرف اس خوبصورت وادی میں صحت کو ترقی ملے گی بلکہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ لٹکوہ ڈگری کالج کا قیام علاقے کے لوگوں کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت حاصل کر چکی تھی ۔ کیونکہ لٹکوہ کے طلبہ حصول تعلیم کیلئے اپنے علاقے سے باہر بکھرے ہوئے تھے ۔ جبکہ کئی طلبہ مالی وسائل نہ ہونے کے سبب تعلیم کو ہی خیر آباد کہہ چکے تھے ۔ اب اس کالج کی منظوری کے بعد وہ گھر کی دہلیز پر اپنی تعلیم مکمل کرنے کی راہ پر گامزن ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ، کہ لٹکوہ کے عوام فرزند چترال ایم پی اے وزیر زادہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ جس نے ان منصوبوں کی منظوری کیلئے شب روز محنت کی ۔ اور اُنہیں کامیاب کیا ۔ انہوں نے ایم پی اے وزیر زادہ سے مطالبہ کیا ۔ کہ آیندہ بجٹ میں کریم آباد ویلی کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈ اور صحت کے شعبے کیلئے فنڈ مختص کیا جائے ۔ ایک سوال کے جواب پر محمد حسین نے کہا ۔ کہ چترال کے ایم این اے اور ایم پی اے قابل احترام ہیں ۔ لیکن وفاق اور صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے ۔ ایسے میں چترال ہی کے فرزند ایم پی اے وزیر زادہ کو چیر مین ڈیڈک اگر بنایا گیا ہے ۔ تو کونسی قیامت آگئی ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔