دروش سے چترال شہر تک روڈ کی حالت انتہائی شکست وریخت کا شکار,سڑک آمدورفت کے لئےناقابل استعمال

چترال ( محکم الدین ) چترال پشاور سفر کرنے والے مسافروں اور مقامی لوگوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی بے حسی پر ماتم کرتے ہوئے کہا ہے ۔ کہ دروش سے چترال شہر تک روڈ کی حالت انتہائی شکست وریخت کا شکار ہو چکی ہے ، جا بجا اُکھڑے ہوئے تارکول کے کھڈے اور دونوں ساءڈوں پر کالر ختم ہونے کی وجہ سے سڑک آمدورفت کے بالکل قابل نہیں ہے ۔ جبکہ مختلف مقامات پر کلوٹ ملبے سے بھر گئے ہیں اور برساتی نالوں میں سیلابی ملبے نے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں ۔ لیکن اس لاوارث روڈ کا کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ دروش ایون ، بروز سے تعلق رکھنے والے مختلف لوگوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ اس روڈ کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ۔ جبکہ ٹریفک میں روز بروز اضافہ ہورہاہے ۔ اور بھاری ٹرکوں کی آمدورفت بھی بڑھ گئی ہے ۔ جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اور آئے روز حادثات ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا ۔ کہ تین ہفتے پہلے اس روڈ کے کھڈوں کی مرمت کی گئی ۔ لیکن مرمت کے بعد ہی جب بارش ہوئی ۔ توکھڈوں کی بھرائی میں استعمال شدہ تارکول تمام اُکھڑ گئے اور کھڈے و خندقیں دوبارہ نمایاں ہوئیں ۔ سڑک کی حالت ناقابل بیان ہے ۔ لیکن آج تک این ایچ اے کے کسی آفیسر نے اس کا نوٹس نہیں لیا ا ور مسافروں پر جو بیت رہی ہے ۔ اُس پر ادارے کی ناقص کارکردگی پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے ۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ دروش سے چترال مین روڈ کی حالت کو بہتر بنایا جائے ۔ اوراس روڈ کی مرمت کے نام پر جس ٹھیکہ دار نے ناقص میٹریل استعمال کرکے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ اُس کے خلاف انکوائری کی جائے ۔ مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے جو حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کی کارکردگی پر نظر رکھتے ہیں ۔ اور نہ عوام کی مشکلات کا اُنہیں احساس ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔