fbpx
تازہ ترین

ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں موثراورکامیاب پولیو مہمات کے ذریعہ قوم کے مستقبل کو معذوری سے بچائیں۔ کیپٹن(ر)کامران احمدآفریدی

پشاور(چترال ایکسپریس)ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر کیپٹن(ر)کامران احمدآفریدی نے ہائی رسک اضلاع سمیت صوبہ بھر میں پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے پوری توانائیوں اورصلاحیتوں کے ساتھ کا م کر نے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات میں پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہی اور شعوراجاگر کرنے کے لئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام سٹیک ہولڈر اپنی تمام ترتوانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز ای او سی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی، ڈپٹی کمشنر پشاور علی اصغر،ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ، یونیسیف کے جون اگبر،ای آر یو کے کو آرڈینیٹر عنایت اللہ،ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدی ناصر اور دیگر معاون اداروں کے حکام اور نمائندوں نے بھی شرکت کی اجلاس میں حال ہی میں پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے مابین قریبی اشتراک کار سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیااجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی اصغرنے انسدادپولیو پروگرام سے متعلق سوالات کا خوش اسلوبی سے جواب دینے خدشات کے ازالے کے لئے پروگرام سے وابستہ ٹیکنیکل ماہرین کی جانب سے انتظامی افسران کو تیکنیکی رہنمائی کی فراہمی پر زور دیااورکہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیو سے نمٹنے کے لئے اقدامات خصوصی توجہ کے متقاضی ہیں تاکہ پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن کو روکا جاسکے اور بچوں کومعذور ہونے سے محفوظ بنائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر ای او سی کیپٹن (ر)کامران احمدآفریدی نے کہا کہ حال ہی میں سامنے آنے والے پولیو کیس ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہیں یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے جسے ہم کسی صورت بھی معذوری کی نذر نہیں کرسکتے انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبہ سے پولیو کی مکمل بیخ کنی کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ تمام ادارے اوروالدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے جنگی بنیادوں پرکام کریں کامران احمدآفریدی نے کہا کہ انسدادپولیو میں ضلعی انتظامیہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور ڈپٹی کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں موثر اور کامیاب پولیو مہمات کے ذریعہ قوم کے مستقبل کو معذوری سے بچائیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ خبریں/ مضامین

error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔
إغلاق