بونی, نصرگول اور بالائی بریپ میں مسلادھار بارش,سیلاب سے نصر گول پرواک اور بریپ میں روڈ بند

چترال ( محکم الدین )اتوار کی علی الصبح اپر چترال کے ہیڈ کوارٹر بونی, نصرگول اور بالائی بریپ میں مسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بونی کروئی جنالی میں محمد زمان کا گھر سیلابی ملبے سے بھر گیااورقریبی زمینات اور مکئی کی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا . سیلاب سے نصر گول پرواک اور بریپ میں روڈ بند ہونے سے مستوج ,لاسپور,شندور اور بروغل کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے اورعید کی چھٹیوں پر گھر جانے والے مسافر راستے میں پھنس کر رہ گئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے سیلاب نے پرواک چینل کو بھی نقصان پہنچایا ہے جس پر بہت بڑی آراضی کے سیراب کا انحصارہے .سیلاب نے نہر کےہیڈ کو بری طرح متاثر کیا ہے.اب اس کی بحالی حکومتی امداد کے بغیر صرف اپنی مدد آپ کےتحت ہونا ممکن نہیں۔اسی طرح بریپ کے مقام پر بھی سیلاب نے روڈ بند کر دی ہے ,اور یارخون ,بروغل کے باشندوں کا رابطہ مستوج اور بونی وغیرہ شہروں سے منقطع ہو چکا ہے ۔گذشتہ دن سے چترال کے مختلف مقامات میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور اس کے نتیجے میں سیلاب نے چترال کا رخ کر لیا ہے . سیلاب سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا. تاہم سڑکوں, گھروں اور فصلوں و باغات کو نقصان پہنچاہے . اور یہ سلسلہ جاری ہے .

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔