بہتر ٹیم ورک کے نتیجے میں مردان کے شہری علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنایا گیا ہے۔ اشراف قادر خٹک

پشاور (چترال ایکسپریس) واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی مردان کے قائمقام چیف ایگزیکٹو اشراف قادر خٹک نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر شہرکے چودہ یونین کونسلوں سے دو دنوں میں گیارہ سو ٹن کچرا اور جانوروں کی الائشوں کو اکٹھا کر جدید مشینری کے ذریعے اسے محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا ہے۔کمپنی کے چھ سواہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا اور عید کے پہلے دن رات بارہ بجے تک صفائی کا عمل جاری رہا۔ عید الاضحی کے موقع پر صفائی آپریشن کاجائزہ لیتے ہوئے کمپنی کے قائمقام چیف ایگزیکٹو نے کہاکہ جانورو ں کے باقیات کو اکٹھا کر کے تین ڈمپنگ سائٹس میں منتقل کیا گیا ہے اور وہاں پر جدید سائنسی طریقوں سے اسے ٹھکانے لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈمپنگ سائٹس میں گندگی پر چونا،سپرے اور مٹی کی تہہ بچھا دی گئی ہے اور ماحول کو صاف بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں اور گلی محلوں میں صفائی کے بعد روڈ واشرز کے ذریعے دھلائی بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دو دنوں میں کمپنی کو 41شکایات موصول ہوئی ہے جن میں 27شکایات کوموقع پر حل کیا گیا ہے جبکہ14پر کام جاری ہے اور اسے بھی بہت جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صفائی آپریشن بدھ کے روز بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کمپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ بہتر ٹیم ورک کے نتیجے میں مردان کے شہری علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنایا گیا ہے اور عوام صفائی کے حوالے سے تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز بھی صفائی کا آپریشن جاری رہے گا اور اگر کسی کو بھی صفائی کے حوالے سے مسئلہ ہوتو شکایت سیل نمبر0314-4228999پر رابطہ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر کمپنی کے میونسپل منیجر خلیل اکبر،ٹیکنیکل منیجر محمد ادریس،اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ،اسسٹنٹ منیجر ساولڈ ویسٹ محمد اسحاق اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔