انڈیپنڈنٹ ٹرانسفارمر کی مرمت ان کی ذمہ داری نہیں ہے،ایس ڈی او سمیع اللہ۔صارفین بجلی کا ایس ڈی او اور ایکسن کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ

چترال (شاہ مراد بیگ سے) پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے ٹرانسفارمر ٹھیک کرکے صارفین کو بجلی سپلائی کرنے کی بجائے مختلف حیلے بہانے گھڑنے شروع کردئیے اور مقامی ایس ڈی او سمیع اللہ نے خراب ٹرانسفارمر کی ملکیت سے ہی انکار کردیا جسے انہوں نے ”انڈیپنڈنٹ ٹرانسفارمر“ قرار دیتے ہوئے اس سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جبکہ دنین کے سرکاری کالونی اور مضافات میں گزشتہ 48گھنٹوں سے بجلی کی سپلائی بند ہونے سے سینکڑوں صارفین سخت مشکل میں مبتلا ہیں۔ متاثرہ صارفین نے میڈیا کو بتایاکہ ایس ڈی او پیسکو کا یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہے اور انڈیپنڈنٹ ٹرانسفارمر کا اصطلاح وہ پہلی مرتبہ سن رہے ہیں اور ماضی میں جب بھی یہ ٹرانسفارمر خراب ہوئی تو پیسکو نے ہی اسے مرمت کرکے ٹھیک کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کی بار وہ اس ٹرانسفارمر کی مرمت کی ذمہ داری صارفین اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ پر ڈال رہے ہیں جوکہ کسی بھی طور پر درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی معلومات کے مطابق سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کا کام عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر ہے لیکن ٹرانسفارمر کی مرمت پیسکو کے اس اہلکار نے اس محکمے کی ذمہ داریوں میں شامل کردیا ہے اور یہ صارفین کے ساتھ سنگین مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر پانی وبجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ڈی او پیسکو چترال اور ایگزیکٹیو انجینئر کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور خراب ٹرانسفارمر کو فی الفور تبدیل کیا جائے۔ دریں اثناء پیسکو سب ڈویژن چترال کے بارے میں مختلف علاقوں کے صارفین نے بتایاہے کہ جہاں بھی ٹرانسفارمر خراب ہوئے ہیں، وہاں کے صارفین سے نہ اس کی مرمت کے اخراجات وصول کئے گئے بلکہ اس کی تیمرگرہ ٹرانسپورٹیشن کے چارجز بھی لے لئے۔ جب ایس ڈی او سمیع اللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انڈیپنڈنٹ ٹرانسفارمر کی مرمت ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔