بروغل میں دو روزہ بروغل فیسٹول اپنی تمام ثقافتی رنگینیوں اور منفرد کھیلوں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر اختتام پذیر

چترال (محکم الدین) سطح سمندر سے 13ہزار فٹ بلند گلیشیرز کے دامن بروغل میں دو روزہ بروغل فیسٹول اپنی تمام ثقافتی رنگینیوں اور منفرد کھیلوں کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میچوں کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عبد الطیف، آفتاب ایم طاہر،ڈی ای او اپر چترال محمود غزنوی، اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد، آکاہ کے عماد الدین، اے ڈی ای او سپورٹس اینڈ ایجوکیشن فاروق اعظم،شاہد خان و دیگر موجود تھے۔ جبکہ برٹش کونسل کے ارکان نے بھی مختصر وقت کیلئے فیسٹول میں شرکت کی۔ دو روزہ بروغل فیسٹول میں سینکڑوں ملکی غیر ملکی اور مقامی سیاحوں نے یاک پو لو، بزکشی، پولو، گدھا پولو اور کرکٹ، فٹ بال کے مقابلوں کا لطف اُٹھایا، یہ فیسٹول ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخوا، ضلع اپر چترال انتظامیہ اور آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ فیسٹول میں ضلع اپر چترال کے علاقائی ٹیموں نے حصہ لیا، او ر بروغل کی وادی میں جنگل میں منگل کا سماں تھا۔ فائنل میچ میں یاک پولو میں شکارواز اور چیکار کے درمیان زبر دست مقا بلہ ہوا۔ جس میں چیکار کو کامیابی ملی۔ پولو میں گرل ٹیم نے شکارواز کو شکست دی۔ اسی طرح گدھا پولو میں گرم چشمہ سے گرل ٹیم نے، بزکشی میں شیر خان اور شیر عظیم نے، کرکٹ میں چیکار کے مقابلے میں یارخون لشٹ نے، جبکہ فٹبال میں بروغل کلسٹر کو چلمر آباد نے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی، مجموعی طور پر تمام کھیلوں کے مقابلے بہت دلچسپ رہے۔ جنہیں دیکھ کر ملکی و غیر ملکی سیاح اور بروغل کی پوری آبادی کے مر دو خواتین نے انتہائی لطف اُٹھایا۔ فیسٹول کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود اور صدر تحریک انصاف چترال عبد الطیف نے کامیاب ٹیموں میں انعامات تقسیم کیں۔ فیسٹول کے دوران مقامی کلچر شو، اور و خی میوزک کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے سیاح اور مقامی لوگ انتہائی محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال شاہ سعود نے کہا۔ کہ ضلع اپر چترال نیا ڈسٹرکٹ بننے کے بعد یہ پہلا بروغل فیسٹول ہے۔ جو ٹورزم کاپوریشن خیبر پختونخوا اور منسٹر ٹورزم و کھیل و ثقافت و امور نوجوانان عاطف خان کی ذاتی دلچسپی اور سیاحت کے فروغ کے مقصد کے تحت منعقد کیا گیا ہے۔ جس میں آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ کا بھر پور تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا۔ کہ مستقبل میں اسے مزید شاندار طریقے سے منانے کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ تاکہ سیاحت کی ترقی سے پسماندہ بروغل وادی کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا۔ کہ وادی بروغل سیاحوں کی جنت ہے۔ یہاں منفرد وخی کلچر، جا بجا پہاروں کو ڈھانپے ہوئے گلیشئرز اور جھیلیں، صاف وشفاف پانی کے چشمے اور دریا اور سب سے بڑھ کر غربت کے باوجود مہمان نواز اور پُر امن لوگ ہیں۔ جو مہمانوں کو اپنے دل میں جگہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ صوبائی حکومت سیاحت کے ذریعے اس علاقے کو ترقی دینا چاہتی ہے۔ اس لئے بروغل فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا۔ امسال فیسٹول کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور محرم الحرام کے احترام میں ملتوی کرنا پڑا۔ تاہم سیاحوں اور مقامی لوگوں کی دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے بالاخر اس کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے فیسٹول کو کامیاب بنانے پر ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخوا، آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ، محکمہ ایجوکیشن اپر چترال، انتظامیہ کے اہلکاروں تمام سکیورٹی اداروں،سیاحوں اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ کہ انہوں نے راستے کی مشکلات کے باوجود طویل سفر کرکے بروغل وادی کے منفرد یاک پولو فیسٹول کو کامیاب بنایا۔ تقسیم انعامات کے موقع پر سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے عوام بروغل کے نمایندے نے کہا۔ کہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ کہ قیام پاکستان کے 70سالوں میں پچاس کلومیٹر ایریے میں حکومت کی طرف سے صرف ایک پرائمری سکول تعمیر کیا گیا ہے۔ علاج معالجے کی کوئی سہولت نہیں۔ خواتین علاج نہ ہو نے کی وجہ سے مر رہی ہیں۔ بچوں کیلئے تعلیمی سہولیات کا تصور نہیں۔ بروغل کے عوام آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ترقیاتی منصوبوں کے سہارے زندہ ہیں۔ انہوں نے بروغل میں ایک این جی او کی طرف سے تعمیر کردہ 9سکولوں کیلئے سٹاف کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا۔ کہ بروغل وادی کو نیشنل پاک قرار دینے کی بات ختم کی جائے۔ کیونکہ ان کی زندگی مال مویشیوں پر ہے۔ جس کی راہ میں نیشنل پاک حائل ہوگی۔ اور وہ زندگی گزارنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ قبل ازین ڈپٹی کمشنر چترال شاہ سعود نے بروغل فیسٹول کیلئے آغاخان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (آکاہ) کے مالی تعاون سے تعمیر شدہ نئے پولو گراؤنڈ (سٹیڈیم) کا افتتاح کیا۔ اور کمیونٹی ریسورس سنٹر و پانچ گیسٹ ہاؤسز کی تعمیر پر اُن کے کام کی تعریف کی۔ فیسٹول کے دوران چترال کے ثقافتی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جبکہ بوائے سکاوٹس نے ڈپٹی کمشنر کو سلامی دی اور پرچم کشائی اور دیگر سر گرمیوں کو پُر رونق بنایا۔ میچ کے دوران چیپس کے چیف ایگرزیکٹیو رحمت علی جعفر دوست اور فاروق اعظم ڈسٹرکٹ بوائے سکاؤٹس سیکرٹری کے زیر قیادت ماحولیاتی آگہی واک کئے گئے۔ اور بروغل کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے گلیشئرز، جھیلوں اور سیاحتی مقامات کو صاف رکھنے کی ترغیب دی گئی۔ فیسٹول کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔