حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے چترال ٹاؤن مسائل کا شکار ہے,سیف الرحمٰن مشکورؔ

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)سیف الرحمٰن مشکورؔ سابق جوائنٹ سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ چترال ٹاؤن صوبائی حکومت اور محکمہ بلدیات کی عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈرات کا نظار ہ پیش کررہا ہے۔ سڑکیں،گلی اور نالے تباہ وبرباد ہوچکے ہیں۔ سڑکیں خراب ہونے کی وجہ سے گردو غبار نے چترال شہر کو اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ چترال شہر اس ترقی یافتہ دور میں بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔اور ضلع چترال کے نااہل نمائندے چترال کی ترقی کی طرف توجہ دینے کی بجائے ذاتی عیش و عشرت اور مفادات کی خاطر چترال کے مسائل کو نظر انداز کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ چترال کے مکین اس وقت خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں مگر ضلعی انتظامیہ خود ساختہ اور مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور بازار میں چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے برابر ہے۔ چترال میں سابقہ بلدیاتی اداروں کے منصوبے اور کام چترال میں بالکل نظر نہیں آرہے ہیں۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ سے اپیل کی ہے کہ چترال کو ترقیاتی کاموں کے مد میں بلدیات کو دئیے گئے فنڈز اور منصوبوں کی نشاندہی کرکے ویلج کونسل لیول تک تحقیقات کرائی جائے۔نیز چترال کی طرف خصوصی توجہ دیکر سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ چترال میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے۔ اُنہو ں نے کہا کہ چترال کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور روز بروز عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ چترال کے عوام پاکستان کے پُرامن،باعزت اورمحب الوطن شہری ہیں۔ضلع چترال کے کئی نوجوان وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرچکے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے مگر چترالی عوام حکومت سے اپنے محرومیوں کا ازالہ چاہتے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔