لکی مروت اور تورغر سے دو نئے پولیو کیس سامنے آگئے، صوبہ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد48ہوگئی
پشاور(چترال ایکسپریس)صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے دو نئے کیس سامنے آنے کے بعد سال رواں کے دوران صوبہ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد48ہوگئی ہے ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں 30ماہ کی بچی اور تورغر کے تحصیل جبدبا میں 23ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کے آثار پائے گئے جس پر تصدیق کے لئے ان بچوں کے فضلہ کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد مرتب ہونے والی رپورٹ میں بچوں میں پولیو کا شکار ہونے کی تصدیق ہوگئی یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز مجموعی تعداد64جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد48ہوگئی ہے جن میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی سب سے زیادہ تعداد بنوں ڈویزن سے ہے صوبہ میں پولیو کے نئے کیس سامنے آنے پر آیمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹرعبدالباسط کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹر نے کہا کہ پولیو ویکسینشن کے بارے میں غلط فہمیوں اورانکاری والدین کے باعث مختلف اضلاع میں پولیو کے یہ کیسزسامنے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے اورضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات با لخصوص والدین پولیو مہمات میں شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں پولیو ٹیموں سے تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلواکر اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں عبدالباسط نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہمات میں ہر بچے تک پہنچ کر اسے پولیو قطرے پلائے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔