پشاور میں منعقد ہونے والے نیشنل گیمز میں چترال کو نظر انداز کرنا افسوسناک ہے۔ڈی ایف اے چترال

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی چترال نے خیبرپختونخوا میں منعقد ہونے والے نیشنل گیمز میں چترال کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس حق تلفی پر تشویشناک کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے روز منعقد ہونے والے ڈی ایف اے چترال کے ایک اجلاس میں کئی عرصے بعد نیشنل گیمز کی پشاور میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا گیا تاہم اتنے بڑے ایونٹ کے سلسلے میں چترال کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کے عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ نہ صرف فٹ بال بلکہ کسی بھی کھیل کے لئے چترال کے کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لئے مدعونہیں کیا گیا جوکہ چترال کے نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے، چترال کی رسہ کشی ٹیم اس سے قبل چمپئن بھی رہ چکی ہے، تمام کھیلوں میں چترال کو نظر انداز کرنا متعلقہ ذمہ دار حکام کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے جو کہ باعث مایوسی ہے۔ ڈی ایف اے چترال اراکین صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن اور وزیر زادہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے اس ناانصافی اور حق تلفی کے خلاف صوبائی اسمبلی کے فلور پر موثر آواز اٹھائیں کیونکہ انکی موجودگی میں چترال کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی اور انہیں نظر انداز کرنا ایک سوالیہ نشان ہے۔ ڈی ایف اے نے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل گیمز کے سلسلے میں چترال کو نمائندگی دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور اس حق تلفی کاازالہ کیا جائے، اور چترال سے تعلق رکھنے والے بہترین کھلاڑیوں کو براہ راست مختلف کھیلوں کی ٹیموں میں شامل کیا جائے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔