fbpx

ایم این اے عبدالاکبر چترالی کا راغ روڈحادثے میں زخمیوں کی فوری مالی امداد اورجان بحق ہونے والوں کے ورثاء کو  معاوضے اداکرنے کامطالبہ۔

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) چترال سے قومی اسمبلی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے بدھ کے روز راغ لشٹ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثے میں آٹھ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور درجن سے ذیادہ افراد کے شدید زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چترال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حادثے کے فوراًبعد امدادی سرگرمیاں شروع کرکے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچانے اور جان بحق ہونے والوں کی میتیں ان کے گھروں کو روانہ کرنے اور تدفین کا انتظام کرنے پر الخدمت فاونڈیشن کے ا نتظامیہ کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مولانا چترالی نے الخدمت فاونڈیشن کے ساتھ ساتھ ریسکیو1122، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال کے ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کی جانفشانی سے ڈیوٹی سرانجام دینے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ جن زخمیوں کو مزید علاج معالجہ کے لئے پشاور لے جانے کی ضرورت ہوگی، ان کے لئے ایمبولنس گاڑی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ ایم این اے مولانا عبدالاکبرچترالی نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حادثے میں زخمیوں کی فوری مالی امداد کی جائے اور جان بحق ہونے والوں کے ورثاء کو بھی معاوضے ادا کئے جائیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ خبریں/ مضامین

إغلاق