ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورکا بھارت کو چیلنج

چترال ایکسپریس)پا ک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ایک دن کے لیے مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی میڈیا اور سفیروں کو لے کر جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ کے میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چیلنج دیتے ہیں کہ جس طرح آج پاکستان نے غیر ملکی سفیروں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا ہے، بھارت ایک دن کے لیے مقبوضہ کشمیر میں غیر ملکی میڈیا اور سفیروں کو لے کر جائے، انہیں پتہ لگ جائے گا کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے دلوں میں پاکستان بستا ہے۔

لائن آف کنٹرول جانے والے غیر ملکی سفارت کاروں نے جورا بازار کا دورہ کیا، عوام اور دکانداروں سے ملاقات کی، بھارتی گولہ باری سے دکانوں اور گھروں کے نقصانات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارت نے 2018ء میں 3 ہزار 38 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فائرنگ سے 2018ء میں 58 شہری شہید اور 319 زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ 2019ء میں اب تک بھارت نے 2 ہزار 608 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، رواں سال بھارتی فائرنگ سے اب تک 44 شہری شہید اور 230 زخمی ہو چکے ہیں۔

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف بپن راوت کا ایل او سی پر مبینہ کیمپس تباہ کرنے کا جھوٹ آج پاکستان میں غیرملکی سفیروں اور ہائی کمشنروں کو کنٹرول لائن پر نوسہری، شاہ کوٹ اور جورا سیکٹرکا دورہ کرا کے بے نقاب کر دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھارت کو چیلنج

پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا دعوت دیے جانے کے باوجود کنٹرول لائن نہیں گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے دعوے پر کھڑا نہیں رہ سکا، بھارتی ہائی کمیشن کا کوئی اہل کار اور سفارت کار ایل او سی جانے کے لیے نہیں پہنچا۔

واضح رہے کہ 19 اور 20 اکتوبر کو بھارتی فورسز کی ایل او سی کے 3 سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک فوجی جوان اور 5 شہریوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کو دعویٰ سچ ثابت کرنے کا کھلا چیلنج دیا تھا۔

اسی سلسلے میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے خود غیر ملکی سفارت کاروں اور ذرائع ابلاغ کے ساتھ آج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور پیش کش کی کہ غیرملکی سفارت کار جہاں مرضی چاہیں جائیں اور خود تمام صورتِ حال کا جائزہ لیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔