صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیو کے دو مزید کیسز۔رواں سال کے دوران صوبہ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 59ہوگئی

پشاور(چترال ایکسپریس)صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے دو کیسزسامنے آئیں ہیں جس کے بعد سال رواں کے دوران صوبہ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد59ہوگئی ہے۔ بدھ کے روز ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے ایک پریس ریلیز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے تحصیل پائی کے 14ماہ اور لکی مروت کے تحصیل سرائے نورنگ میں 9ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ تصدیق کے لئے ان بچوں کے فضلہ کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد ان بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد80جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد59ہوگئی ہے،جن میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی سب سے زیادہ تعداد بنوں ڈویژن سے ہے۔ صوبہ میں پولیو کے نئے کیسزسامنے آنے پر آیمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹرانہوں نے کہا کہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں اور اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں۔ عبدالباسط نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہمات میں ہر بچے تک پہنچ کر اسے پولیو قطرے پلائے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔