آگ لگنے سے شہید ہونے والی مسجد کیلئے اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے کے اعلان پر ایم پی اے وزیرزادہ کا شکریہ

چترال (محکم الدین) بمبوریت کی مسلم کمیونٹی نے گذشتہ روز کراکاڑ میں آگ لگنے سے شہید ہونے والی مسجد کیلئے اقلیتی رکن اسمبلی خیبر پختونخوا و چیرمین ڈیڈک چترال وزیر زادہ کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کے اعلان پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اور اُ ن کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ اپنے اخباری بیانات میں علاقے کے سیاسی اور سماجی شخصیات نے کہا۔ کہ حادثاتی طور پر مسجد میں لگی آگ کو بجھانے میں مسلم کمیونٹی کے شانہ بشانہ کالاش کمیونٹی کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جو کہ دونوں مذاہب کے پیروکاروں کی باہمی مذہبی ہم آہنگی کی کھلی مثال ہے۔ اور اب اقلیتی رکن اسمبلی وزیر زادہ کی طرف سے امداد کا اعلان اس بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں قابل تعریف اقدام ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ صدیوں سے کالاش اور مسلم برادری ان وادیوں میں رہ رہے ہیں۔ اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ اور یہی بات ان وادیوں کو دوسرے شہروں اور ملکوں سے ممتاز بناتی ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ چترال میں اقلیتوں کو وہ تحفظ حاصل ہے۔ جس کا دوسرے مقامات میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اور یہ چترال کے مہذب اور پر امن ماحول کی دین ہے۔ انہوں نے اس جذبے کا اظہار کیا۔ کہ مسلم اور کالاش کمیونٹی کی باہمی اخوت اور ہم آہنگی ہمیشہ برقرار رہے گی۔ کیونکہ اسی سے اس علاقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا راز وابستہ ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔