ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن چترال لوئر کے زیر اہتمام کلب کنونشن کا انعقاد، اسی مہینے انٹر کلب فٹ بال چمپئن شپ کے انعقادکافیصلہ

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن چترال لوئر کے زیر اہتمام کلب کنونشن گذشتہ روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال چترال میں منعقد ہوا جس کی صدارت صدر ڈی ایف اے ظفر علی شاہ العمروف گل آغا نے کی۔ کلب کنونشن میں لوئر چترال سے تعلق رکھنے والے ڈی ایف اے کے ساتھ رجسٹرڈ 24کلبوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی ایف اے کے نائب صدر محمد عباس نے کلب کنونشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایف اے کی عبوری کابینہ نے ایسوسی ایشن کو مضبوط بنانے کی غرض سے اس کنونشن کا انعقاد کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حسین احمد نے ایسوسی ایشن کے پس منظر، قیام اور اب تک کی کارکردگی کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ انتھک محنت اور کوششوں کے بعد ڈی ایف اے ایک مقام حاصل کر چکا ہے اور نوجوانوں کی اُمیدیں اس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پاکستان میں فٹ بال فیڈریشن کی معطلی کی وجہ سے ڈی ایف اے کی سرگرمیاں بھی کم ہو گئی تھیں مگر اب ایسوسی ایشن فعال ہوچکا ہے، اگلے مہینے نئے کلبوں کی رجسٹریشن ہوگی جسکے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی زیر نگرانی ڈی ایف اے کے انتخابات منعقد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ 2014سے قبل چالیس سے زائد کلب ڈی ایف اے کیساتھ رجسٹرڈ تھے مگر گذشتہ پانچ سال کے دوران صرف 24کلبوں نے اپنی رجسٹریشن کاتجدید کرایا ہے اور اسوقت صرف وہی کلب رجسٹرڈ مانے جائینگے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیکر کہا کہ کلبوں کے سربراہوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈی ایف اے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ڈی ایف اے ان کلبوں کا نمائندہ ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اسی مہینے چترال میں انٹر کلب فٹ بال چمپئن شپ کا انعقاد کرایا جائیگا۔ انہوں نے ڈی ایف اے کابینہ کے فیصلوں سے بھی شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا اور تمام شرکاء سے ان فیصلہ جات کی توثیق لے لی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔