جی او سی ملاکنڈ ڈویژن کی ہدایت پر سوات کے طلباء و طالبات کا ارندو سیکٹر چترال کا 2 روزہ دورہ۔

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل محمد اعجاز مرزا کی ہدایت پر سوات کے طلباء و طالبات کو ارندو سیکٹر چترال کا دورہ کرایا گیا۔جہاں طلباء اور طالبات نے ان پھٹے بارود کی سرچ اور کلیئرنس کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پرانھیں آپریشن میں شامل تمام طریقہ کار کی وضاحت کی گئی اوربارودی مواد کو کھوجنے والے آلات کا طریقہ کار بھی سمجھایاگیا۔علاوہ ازیں طلباء وطالبات نے پاک افغان سرحد ارندوکا دورہ کیا اوردروش ،اپردیر اور تیمر گرہ میں بھی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ طلباء اور طالبات کو رائفل فائرنگ کی مشق بھی کرائی گئی۔اس کاوش کو شرکاء نے بہت سراہا اور مختلف موضوعات پر دلچسپ تبادلہ خیال کیا۔طلباء نے کہا کہ ہم جی او سی ملاکنڈڈویژن میجر جنرل محمد اعجاز مرزا کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کی کٹھن روٹین اورمادروطن کے لیے انتھک کوششوں کو قریب سے دیکھنے کا ہمیں ایسا موقع فراہم کیا جو زندگی میں کبھی کبھی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی کے جوان اگر ایک طرف وطن عزیز کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں تو دوسری طرف عوام کی فلاح و بہبود بالخصوص نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے بھی کوشاں ہیں۔ ہمیں اپنی فورسز پر فخراور بے پناہ محبت ہے اورہم ہر محاذ پر پاک آرمی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاک فوج کے بارے میں غلط فہمیوں کے ازالے اور مثبت تاثر کو قائم کرنے میں بھی یہ دورہ انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔اس موقع پر وفد میں شامل طالبات نے بھی بے پناہ مسرت اور تشکر کا اظہارکیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔