قومی اسمبلی میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق ترمیمی بلز کثرت رائے سے منظور

 اسلام آباد(چترال ایکسپریس) قومی اسمبلی میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سروسز ایکٹ ترمیمی بلز کثرت رائے سے منظور کرلیے گئے۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین دفاعی کمیٹی امجد علی خان نےآرمی ایکٹ ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

اسپیکر کی ہدایت پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی ایکٹ،ائیرفورس ایکٹ اورنیوی آرڈیننس میں ترامیم کی علیحدہ علیحدہ تحاریک پیش کیں۔ ایوان نے فوجی سربراہان کے بارے میں قانون سازی کی علیحدہ علیحدہ منظوری دی۔

ن لیگ، پی پی کی حمایت

بل کی منظوری میں تحریک انصاف اوراس کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بھی حصہ لیا۔

پی پی کی سفارشات واپس

پرویز خٹک کے کہنے پر پی پی پی نے بل میں ترامیم کی سفارشات واپس لے لیں۔ نوید قمرنے کہا کہ خود کو الگ ہونے سے بچنے کیلئے ہم ترامیم واپس لیتے ہیں، ہم نے ملک اورخطے کی نئی صورتحال کے مدنظرفیصلہ کیاکہ ترامیم پراصرارنہیں کریں گے۔

واک آؤٹ

جےیوآئی (ف)، جماعت اسلامی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے ارکان نے بل کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کردیا اورشدید نعرے بازی بھی کی۔

بلز منظور ہونے کے بعد اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 4 بجے تک ملتوی کردیا۔

پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے پارلیمانی پارٹی اجلاس

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔ ن لیگ نے بل کی غیرمشروط حمایت کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان نے کی اورپی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس نے پیپلز پارٹی کی تمام ترامیم مسترد کردیں۔

سینیٹ کمیٹی سے بھی بل متفقہ منظور

قومی اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد اسے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں زیرغورلایا گیا،کمیٹی نے بل متفقہ طورپر منظورکرلیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ کسی جماعت کی طرف سے کوئی ترامیم پیش نہیں کی گئی، حکومت کی درخواست پراپوزشن نے اپنی تجاویزواپس لیں، سینیٹ سے بل کی منظوری کل لی جائےگی۔

پیپلز پارٹی کے رحمان ملک نے کہا کہ ہم نےکچھ چیزوں کی نشاندہی کی،قانونی طورپرکمیٹی نےوضاحت دی

پس منظر

سپریم کورٹ نے 26 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی 3 سال کی توسیع معطل کردی تھی۔ 28 نومبرکو عدالت عظمیٰ نے جنرل قمرجاوید باجوہ کو 6 ماہ کی مشروط توسیع دیتے ہوئے پارلیمنٹ کو 6 ماہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔