پاکستان مشکل وقت سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد(چترال ایکسپریس) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے اور کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوں گے۔

ہنرمند پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں عام آدمی کا خیال نہیں رکھا گیا لیکن ہماری کوشش ہے کہ احساس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو نیچے سے اوپر لائیں،تاریخ میں پہلی دفعہ احساس پروگرام کے لیے 190 ارب روپے مختص کیے گئے جب کہ پہلے فیز میں 10ارب روپے کی لاگت سے  5لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سسٹم کی وجہ سے لوگ ترقی نہیں کرسکے، ماضی میں ہم نے نوجوانوں پر توجہ نہیں دی، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہے لیکن ہم کوشش کررہے ہیں کہ تنخواہ دار طبقے کو سستی قیمتوں پر اشیا مل سکیں، عوام کے لئے سبسڈی دے کر کل سے یوٹیلٹی اسٹور کا آغاز کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اب مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور استحکام کی جانب گامزن ہے، روڈ میپ دیتا ہوں کہ ہماراملک کس طرف جارہا ہے، ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے، ترقی یافتہ ملکوں میں ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہیں، کمزور اور غریب طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، برطانیہ امریکا میں جو پاکستانی گئے ان کو ترقی کے مواقع ملے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سخت سردی میں پنا گاہوں میں تمام سہولتیں دستیاب ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 170 پناہ گاہیں بن چکی ہیں، اب تک 60لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکے ہیں،  ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7لاکھ 20ہزار روپے تک کا علاج کرایا جاسکتا اور آئندہ 4 سال کے دوران پاکستان میں 50لاکھ گھر بنانے ہیں، 2020 میں نوجوانوں کو روزگاردینا ہے، بند صنعتوں کی بحالی کا پروگرام بھی لارہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امن والا ملک بنے گا اور کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوں گے، ماضی میں ہم دوسروں کی جنگوں میں شریک ہوتے رہے، اب پاکستان کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوگا جب کہ ہماری سب سے بڑی کوشش ایران اورسعودی عرب میں دوستی کرانا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔