مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں،ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور

 راولپنڈی(چترال ایکسپریس)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی آرمی چیف منوج موکنڈ نراوانے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ نئے بھارتی آرمی چیف کا ایل اوسی پر جارحیت سے متعلق بیان بھارتی ریاستی اداروں میں انتہا پسندی کے نظریے کی تازہ عکاسی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی ایل او سی کے پار فوجی کارروائی کی باتیں محض بیان بازی ہیں، یہ معمول کی ہرزہ سرائی ہیں، وہ اپنے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے بیانات دے رہے ہیں، بیان بھارت کے اندرونی انتشار و حالات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، بھارت 27 فروری 2019ء کو ہمارے جواب کا مزہ چکھ چکا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ ذہنیت اورعلاقائی امن کے خطرے سے باخبر ہیں، دنیا کو بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ نئے بھارتی آرمی چیف جنرل منوج کی آزاد کشمیر کے حوالے سے گیدڑ بھپکیاں سامنے آئی تھیں، جس میں بھارتی آرمی چیف نے کہا تھا کہ ’’پارلیمنٹ چاہے تو آزاد کشمیر کو حاصل کرنے کے لیے فوج کارروائی کرسکتے ہیں، کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور پارلیمنٹ میں اس حوالے سے پہلے سے قرارداد موجود ہے‘‘۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔