پی ٹی آئی چترال کے سابق یوتھ کابینہ کا اہم اجلاس،ورکروں کانامزدگیوں کی نوٹفیکیشن کرنے کے مطالبے کے ساتھ دیگر اہم امور پر اظہارخیال

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)پاکستان تحریک انصاف چترال کے سابق یوتھ کابینہ کے زیراہتمام ورکروں کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت ضیاء الرحمن ڈپٹی جنرل سیکرٹری خیبرپختونخواہ چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چترال کے تمام علاقوں سے ورکروں نے شرکت کی۔اجلاس میں چترال کے نامزد صدر کے نوٹفیکیشن،چترال میں پارٹی دفتر کو فعال بنانے اور ایم پی وزیرزادہ کے کردار پر ورکروں کی رائے پر اجلاس میں شریک تمام ورکروں نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی ورکروں نے جو نامزدگیاں کی ہیں ان کا نوٹیفیکشن ایک ہفتے کے اندر اندر اور پارٹی ورکروں کے فیصلے کو اہمیت دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔بصورت دیگر پارٹی ورکرکوئی بھی قدم اُٹھانے کیلئے تیار ہیں اُنہوں نے ایم پی اے وزیر زادہ کے علاقے کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا اور اپنے تجاویز میں اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ایم پی اے وزیرزادہ جب بھی چترال آئیں توورکروں کا ایک میٹنگ بلاکر ان کے تحفظات دور کریں اور جس علاقے کے دورے پرجائیں تووہاں مقامی ورکروں کو اپنے اعتماد میں لیں۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پارٹی کا ایک فعال دفتر قائم کیا جائے اور اس کے لئے ایک ذمہ دار سیکرٹری مقرر کیا جائے۔اس کے علاوہ ورکروں نے لیڈرشپ سے درخواست کی کہ جلداز جلد صحت انصاف کارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام،احساس پروگرام کے سلسلے میں سروے کیا جائے۔اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ صحت کے کلاس فورپوسٹوں میں جو بدعنوانی کی گئی تھی جس کا ڈی جی ہیلتھ نے بھی نوٹس لیا تھا اس انکوائری کو بھی جلد ازجلد منظر عام پر لایاجائے۔آخر میں ورکروں نے آپس میں اتفاق اور اتحاد سے پارٹی کو مضبوط بنانے اور ایسے مواد جو پارٹی کی بدنامی کا باعث بن سکتا ہو،سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے بجائے میٹنگ جیسی پلیٹ فارم استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔