
د ادبیداد۔۔ہوش کے ناخن۔۔ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی
وطنِ عزیز پاکستان میں حالاتِ حاضرہ پر لکھنا بہت مشکل بلکہ جان جوکھوں کا کام ہے یہ وہی بات ہے جو مرزا غالب نے طرزِ بیدل کے بارے کہی تھی "طرزِ بیدل میں ریختہ کہنا اسد اللہ خان قیامت ہے" مگر ہمیں نہ چاہتے ہوئے بھی لکھنا پڑتا ہے کہ "جھٹتی نہیں منہ سے یہ کافر لگی ہوئی" دوست احباب پوچھتے ہیں قارئین کا ایک معتبر طبقہ سوال اٹھاتا ہے آخر موجودہ حالات ہمیں کس طرف لے جائینگے ایک سینئر صحافی نے دبی زبان میں اس سوال کا مایوس کن جواب دیتے ہوئے لکھا ہے کہ حالات کی گاڑی ریورس (Reverse) گیئر میں 7 اکتوبر 1958ء کی طرف واپس جا رہی ہے اور وہاں پہنچ کر دم لیگی حالات پر جن لوگوں کا کنٹرول ہے ان میں سے کسی کو بھی یہ احساس نہیں کہ گاڑی آگے جانے کے بجائے پیچھے جا رہی ہے قانون کے مقدس پیشے سے تعلق رکھنے والے ایک ستم ظریف شہری نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا ہوا تو اچھا ہوگا کم از کم بند کارخانے کھل جائینگے، روزگار عام ہوگا، فی کس آمدن بڑھے گی، غربت میں کمی آئیگی، برآمدہ تجارت کے خسارے میں توازن آئیگا زرعی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا پاکستان بھی اپنی پیداوار
دوست ممالک کو برآمد کرنے کے قابل ہو جائیگا ترقی کا جو پہیہ رکا ہوا ہے دوبارہ چل پڑے گا عوام کو چین اور سکھ یا سکون کا ماحول نصیب ہوگا۔ ہم نے بات کاٹتے ہوئے عرض کیا انگریزی میں جس نفسیاتی کیفیت کو گڈ سینس (Good sense) کہتے ہیں اردو میں اس کو "ہوش کے ناخن" کہا جاتا ہے اور گفتگو میں ایک جملہ بولا جاتا ہے "ہوش کے ناخن لو" یہ جملہ موجودہ حالات پر ہو بہو صادق آتا ہے، مگر کون ہوش کے ناخن لے گا ملک میں بدقسمتی سے 184 رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں ہیں ان میں سے کوئی بھی ہوش کے ناخن لینے پر آمادہ نہیں ہر سیاسی جماعت دانت تیز کر کے دوسری جماعت کو کاٹ کھانے کی فکر میں غلطاں ہے 13 سیاسی جماعتیں اقتدار کی کرسی کے گرد گھیرا ڈالے بیٹھی ہیں ان میں سے کوئی اپنی باری اور اگلے انتخابات کا انتظار کرنے کے لئے تیار نہیں ہر جماعت چاہتی ہے کہ آج اور ابھی اقتدار کی کرسی اس کے حوالے کی جائے یہاں تک لکھنے کے بعد خیال آیا کہ انتخابات کرانے والا کمیشن اپنا اعتبار کھو چکا ہے، اس کے خلاف شکایت کرنے کے لئے کوئی عدالت نہیں رہی
ملک کی سب سے بڑی عدالت دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو کر بھی انصاف مہیا کرنے کے قابل نہیں رہی بات گھوم پھر کر دوبارہ 184 سیاسی جماعتوں کے ہجوم کی طرف آتی ہے ۔ 7 اکتوبر 1958ء کو ملک میں جو نیا نظام لایا گیا اُس وقت سیاسی جماعتوں کی تعداد 27 تھی ان سب کی آپس میں دشمنی تھی کیونکہ سب کے ذاتی مفادات الگ الگ تھے ، ذاتی مفادات کے ٹکراؤ نے ان سب کو گتھم گتھا کر دیا تھا ، بالکل یہی کیفیت 5 جولائی 1977ء کو سامنے آئی تھی جن لوگوں نے 7 اکتوبر 1958ء کو جشن منا کر مٹھائی تقسیم کی تھی انہی لوگوں نے 5 جولائی 1977ء کو پھر جشن منایا پھر مٹھائی کھلائی بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ بات مزید آگے بڑھی 12 اکتوبر 1999ء کا دن آیا 10 جماعتوں نے جنرل مشرف کو پاکستان کا نجات دہندہ قرار دیا جمہوریت کے نعرے لگانے والوں نے مل کر حلوائیوں کی دکانوں کا رخ کیا مٹھائیاں تقسیم کیں ، جشن منایا اور بھنگڑے ڈالے انگریزی میں اس شیطانی چکر کو بہت پیارا نام دیا جاتا ہے وہ لوگ اس کو Vicious Circle کہتے ہیں ویشی ایس سرکل کا مطلب ہے بار بار مصیبت کو دعوت دینا اور بار بار مصیبت کو گلے لگانا جنرل ضیاء الحق نے پیشکش کی تھی کہ سیاسی جماعتیں متفق ہو جائیں تو میں ملک میں شریعت نافذ کروں گا لیکن سیاسی جماعتوں نے متفق ہونے سے انکار کیا جنرل مشرف نے چیلنج کیا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری نظام پر متفق کرو، میں مارشل لاء کا راستہ ہمیشہ کے لئے بند کرونگا مگر سیاسی جماعتیں جمہوریت پر متفق نہ ہو سکیں اور مارشل لاء کا راستہ کھلا رہا اگر 2027ء میں ملکی حالات پیچھے کی طرف دوڑ کر 7 اکتوبر 1958ء تک پہنچ گئے تو موجودہ سیاسی جماعتوں کے لئے اس کے دو فائدے ہونگے مخالف جماعتوں کی حکومت سے نجات مل جائیگی اور انتخابات کے بغیر اہم لیڈروں کو بڑے عہدے مل جائینگے وطنِ عزیز کے اندر موجودہ حالات میں سیاست کے یہی دو مقاصد رہ گئے ہیں
یہ وہی منزل ہے جس کی طرف موجودہ حالات ہمیں ہانک کر لے جا رہے ہیں بڑی یونیورسٹی کے لیکچر روم میں ایم فل سکالرز نے سوال کیا جب ہم سامنے گڑھا اور خندق دیکھ رہے ہیں تو اس کی طرف دوڑے کیوں جا رہے ہیں ؟ جہاں دیدہ پروفیسر نے کہا جو لوگ ہمارے سامنے ہیں ان کی بینائی جواب دے چکی ہے انہیں ذاتی مفادات کے سوا کچھ بھی نظر نہیں آتا وہ اپنے ذاتی مفاد کے لئے ایک بار پھر پوری قوم کو خندق اور کھائی کی طرف لے جا رہے ہیں سیاسی جماعتیں جمہوری ہوں اور سیاستدان مخلص ہو تو قوم طوفانوں کا مقابلہ کرتی ہے ایسا نہ ہو تو قوم کی کشتی ساحل پر ڈوب جاتی ہے ۔ یہی پاکستانی قوم کی بدقسمتی ہے آج ہمارے سامنے مٹھائی تقسیم کرنے کے لیے بے تاب سیاست دانوں کی لمبی قطار نظر آرہی ہے ابھی خبر آگئی ابھی جشن کا سماں ہوگا اب کوئی نہیں کہہ سکتا کہ ہوش کے ناخن لو
