
حلف نامے کی نام پرچترال کے عوام کی تذلیل بند کی جائے۔ضلعی رہنما پی ٹی ائی ارشاد مکررؔ
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما ارشاد مکرر نے گرینڈ عوامی جرگہ دروش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں زلزلہ متاثرین کو حلف نامے کے نام پر جس طرح ذلیل و خوار کیا جارہا ہے وہ ناقابل بیان ہے اور مزید ستم یہ کہ ان حلف ناموں کو بنیاد بنا کر معزز غریب لوگوں کو پرچہ کر کے تھانوں میں بیٹھا یا جاتا ہے۔ حالا نکہ کونسلر صاحبان،ناظمین اور پٹواریوں کے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے ایک ہی گھر میں چار چار ،پانچ پانچ بندوں کو چیک ملے ہیں ان کا محاسبہ کر نے کے بجائے بیچارے حلف نامہ بھرنے والوں پر ستم ڈھائے جارہے ہیں۔متاثرین کی پکڑد ھکڑ اور ہراسان کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو اِس کے بہت سنگین نتائج برآمد ہونگے اور بات بہت آگے تک بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوئی پٹواری ،انتظامیہ آفیسر یا کونسلر اور ناظمین اپنے جیپ سے کسی کو امداد نہیں دے رہے بلکہ یہ امداد حکومت پاکستان کی طرف سے متاثرین زلزلہ کو مل رہی ہیں اور ضلع بھر میں کم از کم 95فیصد لوگ متاثر ہوئے ہیں لہذا متاثرین کے ساتھ مذاق بند کی جائے اور وزیر اعظم کے اعلان کر دہ رقوم کی نگرانی میں مرتب شدہ فہرستوں کے مطابق تقسیم کئے جائیں۔اس سلسلے میں ضلعی حکومت کی خاموش تماشائی کا کردار بھی معنی خیز ہے۔بصورت دیگر ضلع بھر میں احتجاج کی کال دیکر عوامی احتجاج کا ایک لا متناہی سلسلہ شروع کیا جائے گا جس کی تمام تر زمہ داری انتظامیہ چترال پر عائد ہوگی۔
