زلزلے سے متاثرہ جن لوگوں کو چیک نہیں ملے ہیں ۔وزیراعظم اُن کیلئے مزید خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔آل ویلج کونسل فورم کا پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)آل ویلج کونسل فورم چترال نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے پُر زور مطالبہ کیا ہے ۔ کہ زلزلے سے متاثرہ جن لوگوں کو چیک نہیں ملے ہیں ۔ اُن کیلئے مزید خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔ چترال پریس کلب میں جمعرات کے روزایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے صدر سجاد احمد ،سنئیر نائب صدر مجیب الرحمن ، جنرل سیکرٹری نوید احمد بیگ ، فضل الرحمن وغیرہ نے کہا ۔ کہ چترال انتظامیہ نے انتہائی مختصر وقت میں صحیح اسسمنٹ کرکے متاثرین زلزلہ کو بروقت چیکوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ۔ جس کیلئے ڈپٹی کمشنر چترال ،دیگر آفیسران اور پٹواری سٹاف داد و تحسین کے مستحق ہیں ۔ چونکہ اس زلزلے سے پورے چترال کو نقصان پہنچا ہے ۔ اس لئے جن متاثرین کو ابھی تک چیک ریلز نہیں کئے گئے ہیں ۔ فوری طور پر دیے جائیں ۔ تاکہ یہ لوگ برفباری سے پہلے اپنے متاثرہ مکانات کی تعمیر ومرمت کرسکیں ۔ انہوں نے متاثرہ مکانات کی ری ور یفیکیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چالیس دن گزرنے کے بعد اب مکانات کے نقصانات کا دوبارہ جائزہ لینے کا عمل نہ صرف ناقابل قبول ہے ۔ بلکہ یہ عوام میں نئے سرے سے پریشانی پیدا کرنے کی سازش ہے ، جس سے بلدیاتی نمایندگان ، ضلعی انتظامیہ اور حکومت کیلئے بڑے پیمانے پر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں ۔ جبکہ بعض متاثرین سے امدادی چیک واپس کرنے کے سلسلے میں انتظامیہ کی طرف سے دباؤ ڈالنا بھی ناقابل فہم ہے ۔ اگر یہ لوگ متاثر نہیں تھے ۔ تو انتظامیہ نے چیک ایشو کرنے کی اتنی بڑی غلطی کیونکر کی ۔ سجاد احمد اور مجیب الرحمن نے کہا ۔ کہ بیورو کریسی بلدیاتی نمایندوں کو تاحال نظر انداز کررہی ہے ۔ اور زلزلے کے دوران حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اُنہیں بائی پاس کیا گیا ۔ اس کے باوجود انہوں نے بغیر کسی حکومتی سہولیات کے اپنی خدمات عوام اور انتظامیہ کیلئے پیش کیں ۔ اور اس سلسلے میں ضلع بھر کے ویلج ناظمین کا کردار قابل ستائش ہے ۔ اس کے باوجود بعض افراد ناظمین اور کونسلرز کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اور بے جا تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ جس کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ۔ کہ چترال میں کام کرنے والے تمام غیر سرکاری اداروں کو ویلج کونسلوں کے ناظمین اور کونسلروں کی مرضی کے مطابق کام کرنے کا پابند بنا یا جائے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے یہ بھی مطالبہ کیا ۔ کہ اسسمنٹ ٹیم کی دوبارہ سروے کے رپورٹ کے باوجود جن متاثرین کے چیک اُن تک نہیں پہنچے ۔ فوری طور اُن کے حوالے کئے جائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ بعض ناقدین اور کالم نگارنے ناظمین اور کونسلرز کو بدنام کرنے اور اپنے کالم کے ذریعے بے جا تنقید کا نشانہ بنائے جو کہ حقیت کے برعکس ہے جن کی ہم بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔