صوبائی حکومت ہر سطح پر احتساب اور جوابدہی پر یقین رکھتی ہے صوبے کی سطح پر ایک آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے

پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر سطح پر احتساب اور جوابدہی پر یقین رکھتی ہے صوبے کی سطح پر ایک آزاد احتساب کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بدعنوانی کے خلاف مہم کو اجتماعی طور پر کامیاب بنایا جائے گا عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن کی اہمیت اس بات سے عیاں ہے کہ اقوام متحدہ کی وساطت سے پوری دنیا میں بدعنوانی جیسی لعنت کی مذمت کی جارہی ہے اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت ہم سب کو کرپشن کے برے اثرات سے نمٹنے کیلئے اس کے خلاف معاشرے میں شعور بیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کا خاتمہ خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے ہمارے درمیان جو بد عنوان عناصر موجود ہیں ان کی نشاندہی کرکے انہیں عوامی خدمت کے نظام سے الگ کیا جائے گا بدعنوانی کے موجودہ رجحان کے خلاف جدوجہد کیلئے ثابت قدمی کی ضرورت ہے چنانچہ مسلسل اور بلا تفریق احتساب تمام سرکاری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کے خلاف کام کرنے والے اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے انہیں خود مختار بنانے ، ان کی قانونی اور انتظامی استعداد کو بڑھانے اور انہیں ہر قسم کے سیاسی دباؤ اور مداخلت سے آزاد کرنے کی بھی ضرورت ہے جیسا کہ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کے قیام کی صورت میں کیا گیا ہے انہوں نے سرکاری اداروں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اجتماعی اور مربوط کوششوں کے ذریعے کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑنے کیلئے صوبائی حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو سکیں ۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى