تازہ ترین

چترال میں ہفتۂ صفائی مہم کا افتتاح

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا ہے ۔ کہ چترال شہر ماحولیاتی آلودگی کی تشویشناک صورت حال سے دوچار ہے ۔ اگر اس کی صفائی کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔ تو مستقبل میں شہر کو سنگین صورت حال سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ تاہم ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین اور تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس کی کو ششیں اس حوالے سے قابل تعریف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول چترال میں ہفتۂ صفائی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔کہ ویلج کونسلوں کے پاس مالی وسائل موجود ہیں ۔ اس لئے وی سی سیز کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ کہ وہ اپنی حدود میں صفائی پر مکمل توجہ دیں ۔ انہوں کہا کہ صفائی کے حوالے سے چترال شہر کو فوکس کرکے اس پر مستقل بنیادوں پر کام کیا جائے ۔ وقتی طور پر اقدامات وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہماری قوم کی بد قسمتی یہ ہے ۔ کہ ہر فرد دوسرے کو تو قصور وار ٹھہراتا ہے۔ لیکن خود کو ذمہ داریوں سے مستشنیٰ قرار دیتا ہے ۔ اسی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور ٹھوس کچرے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال نے کہا ۔ کہ چترال شہر کی صفائی کیلئے انہوں نے مصمم ارادہ کر لیا ہے ۔ اور اس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کا بھر پور تعاون انہیں حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جی او سی ملاکنڈ ڈویژن جنرل نادر خان رضا کار نوجوانوں پر مشتمل ٹاسک فورس کے قیام کا جو آئیڈیا دیا تھا ۔ اُس فورس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔ اس سے چترال شہر کے اندر آلودگی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ انہوں نے بازاروں میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر پابندی ، ہوٹلوں میں صفائی ، میڈیکل سٹورز کے معائنے ، تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ اور ان امور کا بنیادی تعلق ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول حاصل کرنے اور شہریوں کو پاک و صاف ماحول مہیا کرنے کی کو شش ہے ۔ انہوں نے تمام حاضرین اور شہریوں سے اپیل کی ۔ کہ اس سلسلے میں اُن کی مدد کریں ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ جب تک ہم ذہنی طور پر صفائی کیلئے تیار نہیں ہوں گے ۔ اُس وقت تک ہم مستقل بنیادوں پر صاف ماحول قائم نہیں کر سکتے ۔ اس لئے ماحول ، گاؤں ،شہر کی صفائی کیلئے ضروری ہے ۔ کہ پہلے ہمارا ذہن صاف ہو ۔ ہم آلودگی اور گندگی کو ذہنی طور پر بُرا سمجھیں ۔ اُس کے بعد شہر سے کچرے کی صفائی ، منشیات کی صفائی ، تجاوزات کی صفائی اور سب سے ضروری دل کی صفائی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال سکاؤٹس شہر کو صاف کرنے میں بھر پور مدد کرے گا ۔ اور اس سلسلے میں اُن کے اقدامات پہلے سے ہی جاری ہیں ۔ تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے کہا ۔ کہ اسلام ہمیں احساس ذمہ داری کا درس دیتا ہے ۔ اور ہمارے مذہب نے جتنا زور پاکیزگی اور صفائی پر دیا ہے ۔ اس کی مثال کسی اور مذہب میں نہیں ملتی ۔ لیکن بد قسمتی یہ ہے ۔ کہ آج دوسرے مذاہب کے لوگ ہمیں اپنا بھولا ہوا سبق یاد دلاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال شہر تقریبا ایک لاکھ کی آبادی اور چھ ہزار دکانوں کے علاوہ سرکاری و غیر سرکار ی دفاتر اورمکانات پر مشتمل ہے ۔ اور کئی علاقے نہایت گنجان آباد ہو چکے ہیں ۔ اس وجہ سے ٹھوس کچرے کی بڑی مقدار روزانہ جمع ہوتی ہے ۔ جس کیلئے صحیح معنوں میں فنڈ کی ضرورت ہے ۔ تاہم ٹی ایم اے اپنی بساط کے مطابق اس سلسلے میں خدمات انجام دے رہا ہے ۔ تقریب سے پرنسپل گورنمنٹ سینٹنیل ماڈل ہائی سکول چترال کمال الدین ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال حنیف اللہ نے بھی خطاب کیا ۔ اور صفائی کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔ قبل ازین ڈپٹی کمشنر آفس چترال سے ڈپٹی کمشنر اُسامہ احمد وڑائچ ، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ کی قیادت میں سکول اور ڈی ایچ کیو ہسپتال تک واک کیا گیا ۔ جس میں سرکاری و غیر سرکاری محکمہ جات کے آفیسران ، سول سوسائٹی کے نمایندوں ، اساتذہ اور سکول و کالج کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال اور سینٹنیل ماڈل ہائی سکول میں کچرے جمع کرکے صفائی کا افتتاح کیا گیا ۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔