سیلاب کے ڈیزاسٹر کے دوران الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی کارکردگی اور ذمہ داری سے ایک نئی تاریخ رقم کی ،۔ مغفرت شاہ

چترال (نمائندہچترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال سیلاب اور زلزلے کے ڈیزاسٹر کے نازک مواقع پر چترال کے طول وغرض میں الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں نے دن رات جانفشانی سے متاثرین کی خدمت کرکے یہ ثابت کردیاکہ وہی معاشرے کے اصل ہیر و ہیں اور اس سب جدوجہد میں ان کا مطمع نظر رضائے الٰہی کا حصول ہے اور جو رضاکاراس مقصد کے لئے انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، ان کے سامنے کوئی بھی مشکل حائل نہیں رہ سکتا۔ ہفتے کے روز الخدمت یوتھ کمپلیکس میں رضاکار کنونشن سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رضا کاروں کو آفات سماوی کے دوران ہی نہیں بلکہ ہر وقت اور ہر دم مستعد ہوکر دکھی انسانیت کو درپیش مصائب کو کم کرنے کرنے کے لئے اپنی توانائی اور وقت کی قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ ضلع ناظم نے کہاکہ سیلاب کے ڈیزاسٹر کے دوران الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی کارکردگی اور ذمہ داری سے ایک نئی تاریخ رقم کی اور کئی کئی گھنٹوں کے پیدل راستوں پر اشیائے خوردونوش منقطع شدہ علاقوں میں متاثرین تک پہنچادیا جہاں ابھی حکومتی مشینری ا ور اہلکار بھی پہنچ نہیں پائے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بمبوریت وادی ہو یا اپر چترال کا موڑکھو یا لوٹ کوہ میں ژیتور کا سیلاب زدہ گاؤں ، ہر جگہ الخدمت کے رضاکاروں کی موجودگی نے چترال میں وولنٹئرزم کو ایک نئی جہت سے آشنا کردیا اور نئی جہتیں تعین کردی۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی نازک جعرافیائی محل وقوع اور قدرتی آفات کے لئے حساس ہونے کی بنا پر چترال کی ضلعی حکومت نے تمام تنظیموں کے رضاکاروں کی مناسب حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کا فیصلہ کردیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع چترال کے امیر مولانا جمشید احمد نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رضاکاروں کے کام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ رضاکار
انسانیت کی قدرو احترام کرنے کی وجہ سے اپنے رب کاقرب حاصل کرتے ہیں اور قیامت کے روز یہی نیکو کارلوگوں میں شمار اور شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک ہمہ گیرجماعت ہے جس میں زندگی کے ہر شعبے سے متعلق ایک جامع پروگرام موجود ہے اور گزشتہ سال قدرتی آفات کے مواقع پر جہاں الخدمت فاونڈیشن کے کروڑوں روپے اشیاء تقسیم کی اور انفراسٹرکچر بحال کرنے میں مدد دی ،وہاں اس کے ہزاروں رضا کاروں نے دن رات ایک کیا۔ الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر رفیع الدین نے الخدمت فاونڈیشن کاکردگی رپورٹ پیش کی اور ضلع بھر میں رضاکاروں کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ موسم کے سازگار ہونے پر ایک بہت بڑے پیمانے پر رضاکار کنونشن منعقد کیا جائے گاجبکہ فاونڈیشن کے صوبائی صدر نور الحق موسم کی ناسازی کے باعث اس پروگرام میں شرکت نہ کرسکے۔ جماعت اسلامی کے سابق امیر مولانا شیر عزیز، شعبہ تربیت کے ناظم قاضی سلامت اللہ اور تحصیل امیر عتیق الرحمن نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔