تازہ ترین

جشن کاغلشٹ ماہ اپریل کے دوسرے ہفتے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا یا جائے گا

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) موسم بہار کا معروف فیسٹول جشن کاغلشٹ ماہ اپریل کے دوسرے ہفتے کاغلشٹ کے سرسبز و خوبصورت میدان میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منا یا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ پولو کیلئے گلگت کی ٹیم کو فیسٹول میں شرکت کیلئے دعوت دی گئی ہے ۔
اس سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس چیرمین جشن کاغلشٹ کمیٹی مختار احمدسنگین کی زیر صدارت بونی میں ہوا جس میں کمیٹی کے وائس چیرمین قادر کونسلر،جنرل سیکرٹری مستنصر الدین ، پولو کنوینئر سلطان روم اور جمیل احمد ،فٹبال کنوئینئرمحمد پرویز، کرکٹ کے شجاع الدین اورسیدولی ،والی بال کیلئے محمد ولی شاہ ، رسہ کشی کیلئے شفیع احمد ، نشانہ بازی ظہیرالدین بابراور مقامی ہاکی کیلئے محی الدین کنوئنیر شامل تھے ۔
اجلاس میں ماہ اپریل 2016 کے دوسرے ہفتے موسمی حالات کو دیکھنے کے بعد یہ فیسٹول چار دنوں کیلئے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سلسلے میں چیرمین مختار سنگین نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹول میں پہلی مرتبہ گلگت پولو ٹیم کو دعوت دی گئی ہے اور گلگت ٹیم نے دعوت قبول کر لی ہے ۔ گو کہ یہاں ہر سال فیسٹول میں لوگ انتہائی جوش و جذبے سے شریک ہوتے ہیں تاہم اس سال گلگت پولو ٹیم کی شرکت سے فیسٹول کا شان دوبالا ہو گا اور شائقین فیسٹول میں مزید دلچسپی کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شندور اور چترال شہر میں گلگت اور چترال کی پولو ٹیمیں کئی مرتبہ مدمقابل فری سٹائل پولو کے جوہر دیکھا چکے ہیں لیکن کاغلشٹ میں ان دونوں معروف ٹیمو ںکاپہلا دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولو کے علاوہ فٹبال ،کرکٹ اور والی بال کیلئے کے پی کے لیول پر ٹیموں کے داخلے کی اجازت دی گئی ہے جس میں ضلع سے باہر بڑی تعداد میں شائقین کھیل اور سیاحوں کی آمد متوقع ہے ۔
مختار سنگین نے کہا کہ اس فیسٹول میں گُھڑدوڑ، نشانہ بازی ، باز کے ذریعے شکار کرنے ،لوکل ہاکی ، رسہ کشی ، میراتھن کے مقابلے ہوں گے جبکہ پیراگلائڈنگ ، مشاعرہ اور میوزیکل شو بھی پیش کئے جائیں گے ۔ اانہوں نے جشن کیلئے مالی امداد کی فراہمی پر ایم اے چترال فوزیہ بی بی اور ایم پی اے سید سردار حسین کا شکریہ ادا کیا ۔ مختار سنگین نے کہا کہ فیسٹول کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو صحتمند تفریح مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ چترال میں سیاحت کو فروغ دینے کی کو شش ہے تاکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ چترال سیاحت کیلئے انتہائی پُر امن اور محبت کرنے والے لوگوں کی جگہ ہے اور یہ اپنے قدیم کلچر اور منفرد تہذیب کی وجہ سے غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ ان انمول خزانوں سے استفادہ کیا جائے ۔ تاکہ علاقے میں غربت کا خاتمہ اور کلچر کا تحفظ کیا جا سکے ۔


اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
مزید دیکھائیں

متعلقہ مواد

اترك تعليقاً

إغلاق