
ویلج کونسل ناظمین فورم دروش کا اجلاس/زلزلہ متاثرین کی امداد نہ ہونے پر افسوس، احتجاج کی دھمکی
دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) ویلج کونسل ناظمین فورم دروش نے زلزلہ زدگان کے امداد کے سلسلے میں انتظامیہ اور حکومت کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گذشتہ دنوں ویلج کونسل ناظمین فورم کے اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ تقر یباً چار مہینے کا عرصہ گزر نے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اپنے کیے ہوئے وعدے کے مطابق زلز لہ متاثرین کومعاوضہ نہ دے سکی۔ انتظامیہ نے جہاں حکومتی سروے ٹیم کی رپورٹ میں اپنی مرضی سے کٹو تیاں کیں وہیں محرومین کو درخواستی بنا کرمثالی بھکاری بنا دیا گیا جو کہ قابلِ افسو س ہے۔ انتظامیہ نے بار بار وعدہ کیا کہ وہ ایک بھی متاثر کو محروم نہیں چھوڑے گی مگر پچھلے چار مہینے سے کل اور پرسوں کی رٹ لگائی جارہی ہے جبکہ اس سلسلے میں متاثرین اور عوامی نمائندے دفترو ں کے چکر لگاتے لگاتے تھک گئے ہیں۔ اس ضمن میں ضلعی حکومت ، صوبائی اور قومی سطح کے نمائندوں کا ردِ عمل بھی قابلِ افسوس ہے جو کہ ابھی تک اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ کوشش عمل میں نہیں لا رہے ہیں۔ فورم کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سروے لسٹ میں نام موجود ہونے کے باجود امداد ی رقوم سے محروم متاثرین کو وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق معاوضہ دیا جائے اور جن متاثرین نے بیان حلفی جمع کرائے ہیں اور وہ امداد کے حقدار ہیں لہذا انہیں بھی امدادی رقوم دئیے جائیں۔یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ زلزلے میں جو لوگ زخمی ہوئے تھے اور جن کو بد قسمتی سے اب تک معاوضہ نہیں ملا ہے اُ ن کو بھی معاوضہ دیا جائے۔ ویلج کونسلز فورم نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پارسا(PaRRSA) اور دیگر امدادی اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ تعمیر نو اور بحالی کے کاموں میں تیزی لاتے ہوئے تباہ شدہ مکانات کی تعمیر میں متاثرین کا ساتھ دیں۔ ویلج کونسلز فورم نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان مطالبات پر عمل نہیں کیا گیا تو آل ویلج کونسلزفورم دروش 21 اپریل بروزِ بدھ ایک علامتی دھرنا دے گی اور 22 اپریل بروزِ جمعہ بعد از نمازِ جمعہ علامتی لانگ مارچ کیا جائے گاجسکے بعد آئندہ کا لائحہ عمل یعنی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ وغیرہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
