جے یو آئی چترال کا معطل ضلعی کابینہ دوبارہ بحال،صوبائی قیادت کی دانش مندی پر شکریہ۔جے یو آئی پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری اور ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکورنے کہا ہے کہ گزشتہ سال بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں جے یو آئی کی ضلعی قیادت نے جو انتخابی حکمت عملی اپنائی تھی، اس کے ساتھ پارٹی کی صوبائی قیادت نے مکمل اتفاق اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی کابینہ کو بحال کردیا جوکہ گزشتہ اگست سے پارٹی کے اندر اختلاف کی بنا پر معطل کی گئی تھی ۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں مولانا حسین احمد، قاری وزیر احمد آزاد، مولانا شفیق احمد اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی کے اندر بعض حضرات اختلاف رائے کرتے ہوئے معاملے کو صوبائی اور مرکزی سطح تک لے گئے تھے جس پر صوبائی نظم نے ضلعی کابینہ کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی تھی جوکہ بالاخر ضلعی نظم کی رائے کے ساتھ اتفاق پر منتج ہوا۔ مولانا عبدالشکور نے کہاکہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اگلے سال اپریل میں پارٹی کی صد سالہ تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں پھیلے ہوئے کارکنان پر زور دیا ہے کہ وہ آپس میں اختلافات کو پس پشت ڈال کر اس کانفرنس کی تیاری کے لئے تیاری شروع کریں کہ یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے نہ آپس میں الجھنے اور گھتم گتھا ہونے کی۔ انہوں نے چترال میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر اختلاف رائے رکھنے والوں سے اپیل کردی کہ وہ اس فیصلے کو پارٹی کے بہترین مفاد میں کھلے دل سے قبول کرتے ہوئے محبت، یکجہتی اور ہم آہنگی کا پیغام دے دیں ۔اُنہوں نے صوبائی قیادت مولانا گل نصیب خان اورصوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک کا اس موقع پر خصوصی طورپر شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں ے پارٹی کے بہتر مفاد میں سابقہ کابینہ کو بحال کرکے دانش مندی کا ثبوت دیا ہے اوراس موقع پر پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو یقین دلایا کہ اس ضلعے کے کارکنان صد سالہ تقریبات کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔