دروش ہسپتال کے مسائل کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس؛ڈی ایچ او کی خصوصی شرکت

دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال درو ش میں درپیش اہم نوعیت کے مسائل کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا جسمیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسرار احمد نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی عمائدین، منتخب بلدیاتی نمائندگان، ایس ڈی پی او دروش اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے سمیت دروش ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں دروش ہسپتال کے اہم مسائل زیر غور آئے اور اس حوالے سے عوامی تحفظات سے محکمہ صحت کو آگاہ کیا گیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر اسرار احمد نے ہسپتال کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں کئے جانے والے کوششوں سے حاضرین کو آگاہ کیا جبکہ مسائل کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس اہم اجلاس میں معروف مذہبی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر، ممبر ضلع کونسل و چیئر مین ہیلتھ کمیٹی مولانا محمود الحسن، ممبر تحصیل کونسل عبدالسلام، ممبر تحصیل کونسل حاجی سلطان محمد، سماجی و سیاسی شخصیت صلاح الدین طوفان، پی ٹی آئی راہنما حاجی گل نواز، اے این پی کے راہنماشہزادہ ضیاء الرحمن قاری فضل حق، سمیع اللہ، فاروق علی شاہ، لال فخر عالم ، ظاہر خان ویگر افراد نے شرکت کیں اور ہسپتال کی کارکردگی، عملے کی کمی، سہولیات کی عدم دستیابی ، ایمبولنس کی عدم فراہمی وغیرہ کے حوالے سے گفتگو کی۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے کلکٹک دروش میں ایک حادثے میں زخمی ہونیوالے افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے لئے دروش میں ایمبولنس کی عدم دستیابی اور ہسپتال میں دیگر ضروری طبی سہولیات کے فقدان کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ اور روڈ بلاک کیا گیا تھا جوکہ بعد ازاں معروف عالمدین قاری جمال عبدالناصر کی مداخلت پر ختم کی گئی تھی جسمیں فیصلہ کیا گیا تھا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اس سلسلے میں میٹنگ کرکے مسئلے کا حل نکالا جائیگا۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر چترال کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایچ او ڈاکٹر اسرار احمد نے دروش آکر عمائدین سے میٹنگ کی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔