
پاک آرمی سوات ڈویژن کے جنرل افیسر کمانڈنگ میجر جنرل آصف غفور اورصوبائی وزیر محمود خان نے سیلاب زدہ ارسون علاقے کا دورہ کیا
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) پیر کے روز چترال کے جنوب میں پاک افغان بارڈ رپر سیلاب زدہ گاؤں ارسون میں لاشوں کی تلاش اور تدفین کا کام جاری رہاجہاں گزشتہ رات موسلادھار بارش کے بعد سیلاب آنے سے پاک فوج کے آٹھ جوانوں سمیت 29افراد جان بحق ہوگئے تھے ۔ پاک آرمی کے سوات ڈویژن
کے جنرل افیسر کمانڈنگ میجر جنرل آصف غفور اورصوبائی وزیر محمود خان نے علاقے کا دورہ کیا اور متاثریں کو بحالی کے لئے ہرممکن اقدام کا یقین دلایا۔ ضلعی انتظامیہ اور چترال سکاوٹس کے ذرائع کے مطابق اب تک پندرہ لاشیں سیلاب کے ملبے اور دریا سے برامد کئے جاچکے ہیں جبکہ کئی لاشوں کو ارندو سے آگے افغانستان کے صوبہ کنڑ میں دریا سے برامد کرلئے گئے جن کو افغان حکام نے ارندو بارڈر پر پاک فوج کے حوالے کردیاجبکہ ہر نعش کے بدلے پندرہ سے بیس ہزار روپے وصول کرلئے جسے پاک فوج نے ادا کردی۔دریں اثناء ارسون گاؤں روا نہ ہونے سے پہلے
چترال سکاوٹس کے ہیڈ کوارٹرز میں مقامی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے جنرل افیسر کمانڈنگ پاک آرمی سوات ڈویژن میجر جنرل آصف غفور
نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اختیاطی تدابیر پر خصوصی اور ہنگامی بنیادوں پر توجہ دے کر ہی ہم قدرتی آفات کی زد میں آکر انسانی آبادی کی ضیاع کا راستہ روک سکتے ہیں اور انسانی آبادی کو محفوظ بنائے بغیر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کردار موسمیاتی تبدیلی میں ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ اس مظہر سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے جہاں ہر سال ہزاروں افراد قدرتی آفات میں لقمہ اجل بنتے ہیں اور اربوں روپے مالیت کی انفراسڑکچر کو بھی بہا لے جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ارسون سیلاب میں جان بحق ہونے والوں کی لاشیں افغانستان کے صوبہ کنڑ میں دریا سے برامد کئے گئے جن کے لئے افغان حکومت نے پاک فوج سے فی نعش کے لئے 15سے 20ہزار روپے وصول کرلئے۔ ارسون کے دورے کے موقع پر انہوں نے
متاثرین سیلاب میں اشیائے خوردونوش بھی تقسیم کی اور حکام کو ہدایت کی کہ مثاثرین کو کسی بھی صورت میں شکایت کا کوئی موقع نہیں دیا جائے ۔ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ ، ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ اور ڈی۔سی چترال اسامہ احمد وڑائچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ادھر ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ نے پیر کے روز میڈیا کو بتایاکہ متاثریں سیلاب کے لئے نو ٹرکوں پر لوڈ امدادی سامان پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے ایک وزیر کے زیرنگرانی روانہ کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ابنوشی کی سہولت بحال کرنے کے لئے 5ہزار میٹر پائپ بھی علاقے میں پہنچادئیے گئے ہیں جبکہ راشن کی تقسیم کا کام گزشتہ دن سے جاری ہے اور بے گھر ہونے والوں کو ٹینٹ بھی فراہم کئے جاچکے ہیں۔
