تازہ ترین

کالاش مذہبی تہوار اُوچال کا آغاز رمبور ویلی میں کردیا گیا،بمبوریت میں22اور23آگست کی درمیانی رات کو منایا جائیگا۔

چترال ( محکم الدین ) اس سال اُچال تہوار کا جو ش و خروش اس لئے کم نظر آرہا ہے ۔ کہ ابھی مہینہ بھی نہیں ہوا ۔ دہشت گردوں نے دو نوجوانوں کو اپنے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا ۔ اور پوری کالاش قبیلے کے آنسو ابھی تک تھم نہیں سکے ۔ اُن کی یاد تازہ ہے ۔ تاہم یہ ایک مذہبی تہوار ہے ۔ جسے منانے کی تیاریاں جاری ہیں ۔ اوچال تہوار کا آغاز کالاش ویلی رمبور میں کردیا گیا ہے ۔ رمبور میں یہ تہوار 22اگست کی شام ڈھلنے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا ۔ لیکن یہی تہوار 22 اور 23اگست کی درمیانی رات بمبوریت میں منایا جائے گا۔ اُچال کالاش قبیلے کا وہ تہوار ہے ۔ جو شکرانے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ماہ مئی میں منعقد ہونے والے جوشی ( چلم جوشٹ ) تہوار کے بعد کالاش قبیلے کے لوگ اپنے مال مویشی گرمائی چراگاہوں میں لے جاتے ہیں وہاں قیام کے دوران چرواہے دودھ سے پنیر اور دیسی گھی جمع کرتے ہیں ۔ اور اُ چال تہوار کے موقع پر تمام جمع شدہ اشیاء کو گاؤں لایا جاتا ہے ۔گاؤں کے لوگ ڈھول بجاتے ، رقص کرتے چرواہوں کے استقبال کیلئے جاتے ہیں ۔ اور جمع شدہ پنیر اور دیسی گھی وغیرہ اشیاء گاؤں لانے میں اُن کی مدد کرتے ہیں ۔ ہر چرواہا کا لا ش مذہب کے مطابق ایک بڑا اسپیشل پنیر اپنے دیوتامالوش ( MALOSH) جو رمبور ویلی میں سجی گور (SAJIGOR)اور بمبوریت بتریک میں مہا دیو(MAHAN DIU) کے نام سے مشہور ہیں ، کے لئے تیار کرتا ہے اور اُسے مالوش کے سامنے بطور نذرانہ پیش کرتا ہے ۔ جہاں کالاش مذہب کے پیشوا اور بزرگ مذہبی رسوم ادا کرتے ہیں ۔ اور مال مویشیوں اور قبیلے کی خیرو عافیت اور سلامتی کی دعا کرتے ہیں ۔ گرمائی چراگاہوں سے آنے والے چرواہے پہلے مالوش میں حاضری دیتے ہیں اور اُسکے بعد اپنے گھروں کو جاتے ہیں ۔ جہاں لائے گئے پنیر کا بڑا حصہ گاؤں کے لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ بہن بیٹیوں اور رشتہ داروں کیلئے حصہ مخصوص کیا جاتا ہے ۔ اور گاوں والوں کو بھی محروم نہیں رکھا جاتا ۔ کالاش قبیلے میں رشتہ داری اور ہمسائیگی اور باہمی مدد اور تعاون کی اعلی مثال پائی جاتی ہے ۔ اس لئے غم ہو کہ خوشی تمام کمیونٹی مل کر ان مواقع پر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں ۔ اُوچال کا تہوار اس لئے بھی اہم ہے ۔ کہ اس میں سوگ کے خاتمے کا بھی اعلان کیا جاتا ہے ۔ کالاش مذہب میں اگر کسی تہوار کے بعد گاؤں میں فوتگی ہو ۔ تو دوسرے تہوار تک اس خاندان سے منسلک رشتے دار سوگ مناتے ہیں ۔ مرد داڑھی چھوڑتے ہیں ۔ جبکہ قریبی خواتین سوگ کا اظہار کرتی ہوئی سر پر تاج نما کالاش ٹوپی ( کوپیسی ) I KOPES اوڑھنے کی بجائے سر ننگا چھوڑتی ہیں ۔ لیکن اوچال کے موقع پر وہ با قاعدہ طور پر اپنے سوگ ختم کرتے ہیں ۔ مرد اپنی داڑھیاں مُنڈواتے ہیں ، تو خواتین کوپیسی اوڑھ لیتی ہیں ۔ اوچال کے ڈھول کی پہلی تھاپ کے ساتھ سوگ کو رخصت کیا جاتا ہے ۔ امسال دہشت گردوں کی طرف سے دو نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ویلی میں انتہائی غم و غصے کا ماحول پایا جاتا تھا ۔ لیکن پاک آرمی کی طرف سے کچھ دنوں بعد پانچ دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے سے وادی کے لوگوں کے غم میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔ تاہم کالاش قبیلے کے لوگ اب بھی وہ غم مکمل طور پر نہیں بھول پائے۔ کالاش قبیلے کے سماجی کارکُن وزیر زادہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ رمبور ویلی میں اوچال شروع ہو چکا ہے ۔ اور بڑی تعداد میں ملکی سیاح اسے دیکھنے کیلئے یہاں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ تہوار باہمی محبت ، بھائی چارہ اور قریبی روابط کی بناپر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ کالاش قبیلے کے لوگ پنیر وغیرہ صرف کالاش کمیونٹی میں ہی تقسیم نہیں کرتے ۔ بلکہ بڑا حصہ مسلم کمیونٹی میں بھی تقسیم کرتے ہیں ۔ اور مسلم کمیونٹی بھی اس تہوار میں برابر کے شریک ہوتے ہیں ۔ کالاش پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹیو لوک رحمت نے میڈیا کو بتا یا ۔ کہ اُچال سے پہلے رٹ نٹ کا تہوار ایک مہینے تک ہر دوسری رات منایا جاتا ہے ۔ اور مردو خواتین اس میں حصہ لیتے ہیں ۔ لیکن دوتین سالوں سے دہشت گردی کے خوف اور مناسب ماحول نہ ہونے کی وجہ سے رٹ نٹ کا تہوار تقریبا ختم ہو چکا ہے ۔ تاہم اُچال تہوار اپنی جگہ پر موجود ہے ۔ لیکن یہ بھی مختلف وجوہات کی وجہ سے بعض اوقات مسائل شکار ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس مرتبہ مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں سیاح وادی میں موجود ہیں ۔ جو اُچال تہوار دیکھنے میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں ۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔