تازہ ترین

ایم کیو ایم ضلع چترال کے انچارج اور صوبائی رابطہ کمیٹی کے ممبر الحاج عبدالرحمن کابینہ سمیت پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)ایم کیو ایم ضلع چترال کے انچارج اور صوبائی رابطہ کمیٹی کے ممبر الحاج عبدالرحمن نے قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی ، افواج پاکستان کی تضحیک اور میڈیا ہاوسز پر حملہ کرانے پر دلبرداشتہ ہوکر کابینہ سمیت پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ بدھ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک محب وطن پاکستانی ہونے کی وجہ سے وہ کسی بھی صورت اس پارٹی کے ساتھ نہیں رہ سکتے اور اپنی راہیں جد ا کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ چترال میں ایم کیو ایم ان کی وجہ سے قائم تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ملک وقوم کو گالی دے کر مغلظات بکنا اور دوسرے دن اس پر معافی مانگنا کسی بھی طور پر قابل قبول اور قابل معافی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے استعفے سے نہ صرف چترال بلکہ خیبر پختونخوا سے بھی ایم کیو ایم کا صفایا ہوجائے گا اور مختلف علاقوں کے رہنما ان سے رابطے میں ہیں اور پارٹی کو چھوڑ رہے ہیں۔ الحاج عبدالرحمن نے کہاکہ ان کے ساتھ کئی بلدیاتی نمائندے بشمول کونسلر اور ویلج ناظم پارٹی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے لوگ انتہائی محب وطن ہیں اور وہ کسی ایسی جماعت میں نہیں رہ سکتے جہاں ملک کے خلاف نعرے لگتے ہوں اور دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوں جبکہ چترال دہشت گردی سے بھی مکمل طور پر پاک علاقہ ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ سیاست کے بارے میں اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان وہ عنقریب ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کردیں گے۔



اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
اظهر المزيد

مقالات ذات صلة

اترك تعليقاً

إغلاق