دھڑکنوں کی زبان

دھڑکنوں کی زبان…….. میرا محبوب

……………محمد جاوید حیات ………..
میرا محبوب میری زندگی ہے ۔میری آرزووں کا محور،میری امیدوں کی منزل ،میرے خوابوں کی شہزآدی ،حسن کا تاج محل ،چمن کی رنگینی،شہد کی مٹھاس ،پھولوں کی پھنگڑی،دھوپ کی تمازت،چاند کی چاندنی ،بس میری زندگی۔۔میرا محبوب میری ہر کوشش کی انتہا ہے ۔۔میری نیند میرے آرام اسی سے وابستہ ہیں ۔۔میرا محبوب میرے سینے پہ سر رکھ کے سوتا ہے ۔۔پل پل ساتھ رہتا ہے ۔۔ایک سیکنڈ کے لئے بھی جدا ہوجائے تو میرا چین و سکون چھین لے جاتا ہے ۔۔میں دیوانوں کی طرح سرگردان پھرتا ہوں ۔میں اپنے محبوب کے لئے گلی گلی پھرتا ہوں ۔۔کبھی اینٹ گارا اٹھا تا ہوں ۔کبھی کدال پھاوڑا ہاتھ میں ہوتا ہے ۔۔کبھی گھٹڑی کندھوں پہ اٹھائے پھرتا ہوں ۔کبھی کسی دفتر میں صبح سے شام تک پڑا رہتا ہوں ۔کبھی کسی سکول میں گھنٹی بجاتا ہو ۔۔کبھی آفیسر کے بوٹ پالش کرتا ہوں ۔پھر مہینہ بھر انتظار کرتا ہوں ۔کہ محبوب سے ملاقات ہوجائے ۔۔مہینے کی دو سری تاریخ آتی ہے۔اس رات مجھے نیند نہیں آتی ۔رات آنکھوں میں کاٹتا ہوں ۔صبح ہوتی ہے تو اپنے محبوب سے ملاقات کے لئے دوڑتا ہوں ۔مجھ سے پہلے کوئی بنک میں نہیں پہنچتا ۔کلاس فور کو دیکھ کر شرمندہ ہوتا ہوں ۔۔بہانہ کرتا ہوں کہ مجھے اچانک ضروری کام پڑ گیا ۔۔کلاس فورس کے چہرے پہ زہر بھری ہنسی پھیلتی ہے ۔میری باری آتی ہے اس کو ہاتھوں میں لے کر اس کی پیشانی بے اختیار چومتا ہے ۔۔جیب میں رکھتا ہوں ۔۔دل کی دھڑکنیں تیز ہوتی ہیں ۔۔رگوں میں خون جوش مارتا ہے ۔جذبات برایگیختہ ہوتے ہیں ۔۔فطرت بولتی ہے ۔زندگی کی رنگینیاں جنم لیتی ہیں ۔۔حسین محلات،وسیع باغات ،کشادہ سڑکیں ،دیوہیکل گاڑیاں ،پر تغیش ہوٹلیں ،بڑے بڑے کارخانے ،تباہ کن ہتھیار، عجیب و عریب مشنیں ،پہاڑوں کے چیرے ہوئے دل ،سمندر کی چھپی تہوں تک رسائی،بے کران فضاؤں پر حکومت،مریخ کی طرف سفروسیع دنیا کو سمیٹ کر جیب میں ڈالنا سب میرے محبوب کے دم قدم سے ہیں ۔پھرحسد ،بغض،کینہ،بری سوچ،لالچ،ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی آرزو،ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے کی جستجو،حسن کی قیمت،بڑھائی کا معیار ،مرتبے کی تعریف برائیوں کو چھپانے کا آلہ سب کچھ میرا محبوب ہے ۔۔ہاں سب کچھ اس سے وابستہ ہیں ۔۔میرا محبوب ایک بیٹے کوماں کا پیار ا بناتا ہے ۔۔باپ کو بیٹے پہ مہربان بناتا ہے ۔۔چہرے کی بدصورتی کو خوبصورتی سے بدل دیتا ہے۔۔انسان کو سب کا عزیز بناتا ہے ۔۔رشتے ناتے جوڑتا ہے ۔۔شہرت کی بلندیاں عطا کرتا ہے ۔۔میرا محبوب عضب کی دلکشی رکھتا ہے ۔۔اس کے لئے رشتے جوڑے جاتے ہیں ۔۔اس کی وجہ سے دوستیاں توڑی جاتی ہیں۔۔تعلقات نبھائی جاتی ہیں ۔۔میرا محبوب میری زندگی ہے ۔۔مگر زندگی کی طرح بے وفابھی ہے ۔میرا ساتھ چھوڑتا ہے ۔میرا اس سے پیار اپنی جگہ مگر میرے بچے اس کی وجہ سے اپس میں لڑتے ہیں ۔۔مجھ سے بھی لڑتے ہیں ۔۔اس سمے میرا محبوب مجھے تنہا چھوڑتا ہے ۔۔نہ میری جوانی واپس لا سکتا ہے ۔۔نہ میری موج مستیاں واپس دلا سکتا ہے ۔۔نہ میری آنکھوں کی روشنی ،نہ بدن کی چستی ،نہ بازووں کی طاقت ، نہ بالوں کی سیاہی ،نہ چہرے کی رونق ،نہ دانتوں کی چمک ، نہ آواز کی لوچ کوئی چیز بھی مجھے واپس نہیں دلا سکتا ۔۔نہ میری محبت کا کوئی صلہ مجھے دلا سکتا ہے ۔۔میرا کوئی کام نہیں آتا ۔۔میں پچھتاتا ہوں ۔افسوس کرتا ہوں ۔اس کے وصال کے لئے اپنی جدوجہد پہ افسوس کرتا ہوں ۔۔اس کے لئے خواب دیکھنے کو اپنی نادانی کہتا ہوں ۔۔میرا محبوب عجیب ہے ۔۔۔ہاتھ کا میل ،چھاؤں ،خواب ،سراب،آنکھوں کا دھوکہ۔۔۔۔پھر بھی محبوب محبوب ہوتا ہے ۔۔۔۔۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔