
اسپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ چترال میں خصوصی افرادکاعالمی دن منایاگیا
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)خصوصی افرادکے عالمی دن تین دسمبرکے موقع پر اسپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ برائے ذہنی پسماندہ ، جسمانی معذور بچوں کے لئے چترال میں ہندوکش ایسو سی ایشن برائے پیراگلائڈنگ کے اشتراک سے ایک
خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ہندوکش ایسویشن برائے پیراگلائڈنگ کے صدرشہزادہ فرہادعزیزاورصدرمحفل سماجی کارکن (ر)اسسٹنٹ کمشنر چترال جاجی فضل الرحمن تھے۔نظامت کی فرایض سوشل ویلفئیرافیسر تاج الدین نے انجام دئیے۔پروگرام میں اساتذہ تنظیم برائے اسپیشل ایجوکیشن چترال سمیت دیگر شرکاء میں والدین ،خصوصی بچے اور HICAPکے نمائندے کثیرتعدادمیں موجود تھے ۔خصوصی طالب علم ادریس حیات شاہ نے تلاوت کلام مجید کی سعادت حاصل کی۔ادارے کے انچارچ سیّد نبی حسین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ اور خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی افراد کو حاصل سہولیات کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے درپیش مشکلات پرروشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ خطیب شاہی مسجد چترال مولاناخلق الزامان،جنرل سیکرٹری فٹبال ایسوسی ایشن چترال حسین احمد،ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدرسیف اللہ جان ،ممبرڈسٹرکٹ کونسل چترال یوسی چترال ٹو ریاض احمد دیوان بیگی نے خطاب کرتے ہوئے
خصوصی افراد کے حقوق اورحکومت کی نااہلی پرافسوس کیاانہوں نے اسپیشل ایجوکیشن چترال کی کارکردگی کوبہت سراہااورمالی تعاون کی یقین دہانی کی اس موقع پرممبرڈسٹرکٹ کونسل چترال یوسی چترال ٹو ریاض احمد دیوان بیگی نے اپنے یوسی کے فنڈزسے اسپیشل ایجوکیشن کے خصوصی بچوں کے لئے مطالعاتی دورے کے لئے دولاکھ روپے کااعلان کیااورساتھ ہی ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے ممبرساجدبن ضیاء نے 20ہزارروپے کاچیک بھی دیا۔تقریب کے مہمان خصوصی شہزادہ فرہاد عزیز نے خطاب کرتے ہوئے ادارہ ہذامیں خصوصی بچوں کی تعلیم تربیت پرادارے کے منتظمین کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی بچوں کے لئے عنقریب مطالعاتی دورے کے ساتھ فلائنگ مظاہرے کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے آئندہ بھی خصوصی بچوں اورادارے کے ساتھ ہرطرح تعاون کرنے کی یقین دہانی کی۔تقریب کے آخرمیں خصوصی بچوں میں ہندوکش پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کی طرف سے کپڑے اورنقدانعامات تقسیم کئے گئے۔
