
شہید ہونیوالے ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ و دیگر شہداء کیلئے ڈی سی آفس میں قرآن خوانی کی گئی
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) گذشتہ بدھ کے روز طیارہ حادثہ میں شہید ہونیوالے ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کے لئے ہفتہ کے روز ڈی سی آفس چترال میں قرآن خوانی اور دعا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہفتے کے روزڈی سی آفس چترال کے کانفرنس ہال میں قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں سول و فوجی افسران، مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے سربراہان، مذہبی و سیاسی شخصیات اور عمائدین نے شرکت کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے طیارہ حادثہ اور اسکے نتیجے پر ہونیوالے بھاری جانی نقصان پر شدید رنج و دکھ کا اظہار کیا اور اسے ایک نا قابل تلافی نقصان قرار دیا۔شرکاء نے چترال کیلئے گرانقدر خدمات پر شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔
