
بیس مسافروں کی میتوں کی شناخت اور چترال لانے کا کام مکمل ہوگیا۔جنہیں چترال پہنچاکر سپردخاک کئے گئے۔
چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) پی آئی اے طیار ے حادثے میں جان بحق ہونے والے مسافروں کی میتیں ہفتے کے روز سی 130طیارے کے ذریعے چترال پہنچاکر
سپرد خاک کئے گئے جس کے ساتھ چترال سے تعلق رکھنے والے تمام بیس مسافروں کی میتوں کی شناخت اور چترال لانے کا کام مکمل ہوگیا۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ ،کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ،انتظامیہ کے افیسران اسسٹنٹ کمشنر الطاف احمد،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید مظہر علی شاہ نے ائرپورٹ میں میتیں وصول کی جنہیں بعد میں مختلف گاؤں کی طرف بھیج دیئے گئے جن میں گرم چشمہ کی گاؤں ایژ سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد مرزا گل
ان کی بیو ی گل حوران،بیٹے فرحان علی اور حسن علی اور دو بیٹیاں ثمینہ گل اور زاہدہ پروین شامل تھے۔ محمد علی کو زئیت گاؤں، سلمان زین العابدین اور محمد خان کو موردیر گاؤں اور احترام الحق کو بونی میں سپرد خاک کئے گئے۔اسی طرح شمشاد بیگم کو ان کے آبائی گاؤں ژانگ بازار میں اور عائشہ عثمان کو شاہ نگار دروش میں سپرد خاک کئے گئے۔ ضلع ناظم نے زئیت اور بونی کے مقامات پر نماز جنازے میں شرکت کی جبکہ گرم چشمہ کے گاؤں ایژ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی نماز جنازہ اجتماعی طورپر ادکی گئی جسمیں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس
اور ایم پی اے سلیم خان نے شرکت کی۔چترال پولو گراونڈ میں شمشاد بیگم کی نماز جنازہ ادا کی گئی ،جسمیں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین شاہ،تحصیل نائب ناظم خان حیات اللہ خان،ناظمیں اور علاقے کے
لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازین چترال ائرپورٹ پر طیارے کے سانحے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں وہ اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں کیونکہ چترال کا ہر ایک فرد اپنے آپ کو ان شہیدوں کا پسماندگان میں شمار کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امر الٰہی کو کوئی طاقت ٹال نہیں سکتی جوکہ اللہ کی طرف سے دراصل ایک ازمائش کے طور پر مختلف صورتوں میں آتی ہیں اور سرخرو اور کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں
جوکہ اس گھڑی میں صبر کا دامن نہیں چھوڑتے۔ انہوں نے میتیوں کی شناخت کے عمل سے لے کر چترال منتقلی تک تمام مراحل میں ذاتی دلچسپی لینے اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے رابطہ رکھنے پر وزیر اعظم نواز شریف کا چترالی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ درین اثنا اے ٹی ار پروازوں کی دوبارہ بحالی پرچترال میں پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ سیلز آفس سے مسافروں کو ٹکٹ جاری کرنے کاکام دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔جوکہ طیارہ حادثے کے تیسرے دن بند کیا گیا تھا۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق مسافروں کو ٹکٹ جاری کئے جارہے ہیں اور اتوار سے شیڈول فلائٹس دوبارہ شروع کئے جائیں گے۔
