مضامین

داد بیداد ……….پولیس کا دھندہ

…………………ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی ؔ ……………
مرزا غالب کا شعر ہے
کہاں میخانے کا دروازہ غالب اور کہاں زاہد
پر اتنا جانتے ہیں کل وہ جاتا تھا کہ ہم نکلے
خبر آئی ہے کہ نصیر اباد راولپنڈی میں پنجاب پولیس نے ہیروئین کی بڑی کھیپ پکڑی ہے ملزم عمر عرفان للہ بنوں کا رہنے والا ہے اور خیبر پختونخوا پولیس کا حاضر سروس انسپکٹر ہے پنجاب پولیس کے چھترول سے کیا کیا انکشافات سامنے آتے ہیں اس کااندازہ اگلے چند دنوں میں ہو جائے گا سر دست ایک اہم راز سے پردہ اُٹھا یا گیا ہے راز کی بات یہ ہے کہ منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ میں پولیس خود ملوث نہ ہو تو یہ دھندہ نہیں چل سکتا اس دھندے کا اہم ستون پولیس خود ہے جس کا کام دھندے کو ختم کرنا تھا ۔غالب نے یہ بھی کہاتھا
تھی جن سے توقع داد خستگی کی پانے کی
وہ ہم سے زیادہ خستہ تیغ ستم نکلے
چترال خیبر پختونخوا کے شمال مشرق میں گلگت کی سرحد کے ساتھ متصل اور واخان پٹی کے ساتھ ملا ہوا ضلع ہے اس کے 14850 مربع کلو میٹر علاقے میں 1980 تک چرس ،بھنگ اور افیون کی کاشت ہوتی تھی 1980 ء میں حکومت نے پابندی لگائی تو چترال کے لوگوں نے رضا کارانہ طور پر کاشت ختم کی اب چترال میں چرس اور افیون کی کاشت نہیں ہوتی یہ چیزیں وادی تیراہ ،خیبر ایجنسی اور مہمند ایجنسی سے چترال تک لے جائی جاتی ہے تیراہ کا خالص چرس اور افیون (Patrangaz) میں بکتا ہے یہ وہ گاؤں ہے جس کا مال پشاور سے کابل تک مشہور تھا پترانگاز (Patrangaz) میں تیراہ ،مہمند اور خیبر ایجنسی کا چرس اور افیون کیسے آتا ہے؟ فیض کا کہنا ہے
کچھ محتسب کے ہاں کچھ واعظ کے گھر جاتی ہے
ہم بادہ خواروں کی مے جام میں کمتر جاتی ہے
یہ راز اگر کسی کو معلوم نہیں تھا تو راولپنڈی کے قریب نصیر آباد پولیس کے ناکے میں پکڑے جانے والے ہیروئین کے مالک عمر عرفان اللہ نے اس راز سے پردہ اُٹھا یا ہے کہ ہم لوگ دھندہ کرتے ہیں’’ پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی ‘‘یہ ایک شہر کی بات نہیں ہر شہر کا یہ دستور ہے کہ منشیات ،اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیا ء کا دھندہ کرنے والے اُس مقام کا انتخاب کرتے ہیں جہاں پولیس کا پہر ہ ہو دُور دراز دیہات کے اوباش لوگ او رمنشیات فروش دکاندار جب کسی ڈرائیور کو پیسہ دے کر مال منگواتے ہیں تو کہتے ہیں کہ جہاں پولیس کا پہر ہ ہے اس دکان سے لے لو اور دکان کے سامنے ٹریفک یا کسی اہم ادارے کی سیکورٹی پر مامور پولیس کھڑا ہوتا ہے اندر دھند ہ چلتا ہے تجربہ کار سمگلروں کا مصدقہ قول ہے کہ مال کی بڑی کھیپ کے لئے ایسی گاڑی استعمال ہوتی ہے جس کی تلاشی نہ لی جاتی ہو یا تو پولیس کی اپنی گاڑی ہو یا کسی وی آئی پی شخصیت کے نام کی سبز تختی اُس پر لگی ہو یہ سب سے محفوظ راستہ ہے اب یہ راز کی بات نہیں کسٹمز،نیب ، انٹی کرپشن اور دیگر محکموں کے اعلیٰ و ادنیٰ حکام کو اس کا علم ہے اور علم بھی معمولی نہیں اخباری اصطلاح میں ’’ بخوبی علم ‘‘ ہے پنجاب پولیس نے جوگاڑی پکڑی وہ سرکاری نہیں ہے البتہ ہیر وئین کی بڑی کھیپ کے ساتھ جو بند ہ پکڑا وہ سرکاری بند ہے ہے پشاور کے ایک پولیس سٹیشن کا یڈیشنل ایس ایچ او ہے بنوں جیسے مردم خیز شہر کا باشند ہ ہے اور یہ پنجاب پولیس کا پہلا ناکہ نہیں اس سے پہلے اسی سال ایک ماہ پہلے اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں جنم لینے والے نامور سپوت کو اسلحہ اور شراب کے ساتھ پکڑ لیا تھا بعد میں پتہ لگا کہ شراب کے بوتل میں اصلی شہد تھا اب وہ ’’ بلیک لیبل ہنی ‘‘ کے نام سے مشہور ہو گیا ہے ہم نے پنجاب پولیس یا اسلام آباد کیپٹیل پولیس کے نا منا سب رویے کی باقاعدہ شکایت درج کر وائی ہے وزیر داخلہ چوہدری نثا ر علی خان کو بھی چیلنج کر دیا ہے اس کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہونگے آئیندہ ہمارے صوبے کے نامور لوگوں کی مزید بے عزتی نہیں ہوگی تاہم اسلام آباد کیپٹل پولیس اور پنجاب پولیس کی لاعلمی پر ہمیں افسوس ہے پنجاب پولیس کے ریکارڈ میں شاید یہ بات نہیں لائی گئی کہ پڑوسی صوبہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی آگئی ہے اٹھا رویں صد ی میں خو شحال خان خٹک نے مغل حکمران اور نگ زیب عالمگیر کو یہاں ناکوں چنے چبوائے تھے تبدیلی کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے اندر خٹک قبیلہ کی جگہ مغل شہزادوں کی حکومت آگئی ہے اور مغل شہزادے کچھ بھی کرسکتے ہیں ان کا دورہ اسلام آباد ہمیشہ تبدیلی کا آئینہ دار ہوتا ہے وہ کالے لیبل والا شہد بھی لاسکتے ہیں وہ سفید پاوڈر بھی لاسکتے ہیں وہ اسلحہ بھی لاسکتے ہیں وہ مہلک جیکٹ بھی لاسکتے ہیں اُن کے ہاتھ آزاد ہیں ویسے خدا لگتی کہیے تو پنجاب پولیس کی ریشہ دوانیوں سے بچنے کا ایک نسخہ موجود ہے تبدیلی کے بعد ہمارے تمام بڑے بڑھے ٹھیکے پنجاب کے بڑے بڑے گروپوں کو دید یے گئے ہیں نسخہ یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیکورٹی ،لاء اینڈ آرڈر اور پو لیسنگ کا ٹھیکہ بھی پنجاب پولیس کو دید یا جائے ا سطرح ہماری حکومت اور پولیس مزید بد نامی سے بچ جائیگی۔

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔