
ہفتے میں صرف ایک دن لواری ٹنل سے سفر کی اجازت دینا عوام کیساتھ مذاق ہے/خاتون ممبر ضلع کونسل
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ضلع کونسل چترال میں جمعیت علماء اسلام کے خاتون رکن نگہت پروین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ لواری ٹاپ کے بندش کی وجہ سے سینکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں ، عوام مسائل سے دوچار ہیں مگر اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے این ایچ اے کی طرف سے ہفتے میں صرف ایک دن لواری ٹنل سے سفر کی اجازت دینے کے فیصلے کومضحکہ خیز اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ لواری ٹنل کے اندر کام کا بہانہ بناکر عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا جارہا ہے حالانکہ وی آئی پیز اور این ایچ اے و سامبو کمپنی کے گاڑیوں کے لئے ٹنل ہر وقت کھلا رہتا ہے ، اس وقت کام میں کوئی خلل نہیں پڑتی مگر غریب عوام کو مصیبت میں مبتلاکرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جارہاہے جوکہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد کی آبادی کے سفری ضروریات اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کیلئے ہفتے میں صرف ایک دن آمدورفت کی اجازت دینا نہایت نامناسب فیصلہ ہے جسکی وجہ سے عوام میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ خاتون ممبر ضلع کونسل نے کہا کہ اس سے پہلے کہ چترال کے عوام بشمول خواتین احتجاج پر مجبور ہو جائیں صوبائی و مرکزی حکومتیں اس مسئلے کو زمینی حقائق کے مطابق حل کریں اور ہفتے میں کم از کم دو دن عوامی سفر کے لئے لواری ٹنل کو کھو ل دیا جائے۔
