
لواری ٹنل شیڈول میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں سخت احتجاج کرینگے/عمائدین دروش
دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) اتوار کے روز دروش میں قاری جمال عبدالناصر کی دعوت پر
عمائدین دروش، مذہبی ، سیاسی ، سماجی قائدین ، منتخب بلدیاتی نمائندگا ن ، ڈرائیور وتجار یونین کا ایک اہم اجلاس تجار یونین کے صدر حاجی شاد محمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں لواری ٹاپ کی بندش اور ٹنل کے موجودہ شیڈول کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوامی سفر کے لئے لواری ٹنل کا موجودہ شیڈول نا قابل قبول ہے اور اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ عوامی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی سفر کے لئے لواری ٹنل کو روزانہ کی بنیاد پر دو گھنٹے کے لئے کھولا جا ئے اور اگر یہ ممکن نہیں تو ہفتے میں دو متبادل ایام میں سفر کی اجازت دی جائے تا کہ عوامی مشکلات میں کمی آسکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ چترال ٹاؤن میں گذشتہ دنوں ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15جنوری تک لواری ٹنل کے حوالے سے عوامی مطالبے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چترال ٹاؤن سے لواری ٹنل کی طرف لانگ مارچ کیا جائیگا۔ عمائدین نے دروش نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ 15جنوری کو چترال سے آنیوالے احتجاجی لانگ مارچ کے شرکاء کا شیشی پل دروش پر پرتپاک استقبال کیا جائیگا اور انکے ساتھ ملکر لواری ٹنل کی طرف مارچ کیا جائیگا۔ تاہم اگر چترال والے لانگ مارچ میں ناکام ہوئے تو پھر اہلیان دروش 15جنوری سے اپنا بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرینگے اور تمام تر ذمہ داری NHA اور عوامی نمائندگان پر عائد ہوگی۔
اجلاس میں احتجاجی تحریک کے لئے عوامی تک پیغامات پہنچانے اور انہیں تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
