
لواری ٹنل کو ہفتے میں دو دن کھولنے کے اعلان پر وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔مسلم لیگ ن چترال
چترال(نمائند چترال ایکسپریس)پاکستان مسلم لیگ ن چترال کے کابینہ کا ایک ہنگامی اجلاس پارٹی صدر سابق ایم پی اے سید احمد خان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔پارٹی دفتر سے جاری بیان میں پارٹی کے ترجمان نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی کوششوں سے وفاقی حکومت کی طرف سے لواری ٹنل کو ہفتے میں دودنوں کیلئے کھولنے کے اعلان کو خوش آئیند قرار دیا اور اُن کا شکریہ ادا کیا۔مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے اُمید ظاہر کی ہے کہ این ایچ اے حکام اور مقامی انتظامیہ کنسٹرکشن کمپنی کے ساتھ ملکر ہفتے کے دو دنوں کا تعین منصوبہ بندی کے ساتھ کرینگے۔تاکہ دو دنوں میں کم از کم تین دن کا وقفہ ہواور لوگ سہولت سے اپنے کام کی جگہ پر جاسکے۔نیازاے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ اجلاس میں لواری ٹنل کودودنوں کے لئے کھولنے کے اعلان پر مختلف پارٹیوں کی طرف سے پولیٹکل پوائینٹ سکورنگ کی کوشش کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ لواری ٹنل کو ہفتے میں دودن کھولنے کا مطالبہ ہر چترالی کے دل کی آواز تھی۔جس کے لئے مختلف فورم پر سول سوسائیٹی ،سیاسی جماعتیں ،تجار یونین ،مقامی میڈیااور طلباء آواز اُٹھارہے تھے۔مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت اس مسئلے کو اپنے مرکزی اور صوبائی قیادت کے ساتھ ہر لمحے اُٹھارہی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت چترال کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر لواری ٹنل کو ہفتے میں دودن کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کا باضابطہ اعلان وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے گذشتہ روز پشاور میں منعقدہ ادبی کانفرنس میں جس کا اہتمام انجمن ترقی کھوار پشاور نے کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں چترالی عوام نے شرکت کی۔نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا بعض افراد کی طرف سے انگلی کٹواکر شہادت پانے کی خواہش غیر سنجیدہ کوشش ہے۔اُنہوں نے کہا کہ چترالیوں کے مطالبے پر وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے جسے ہر حال میں ہر چترالی کو سراہانہ چاہئیے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جس نے جتنی کوشش کی ہے ہم اُس کو سراہتے ہیں۔لیکن سارا کریڈیٹ لیجانے کی کوشش مناسب نہیں ہے۔نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ لواری ٹنل کی مشکلات چترالی عوام کے لئے آخری مشکل رہ گئی ہے۔آئیندہ سال خدا کے فضل وکرم سے اور میاں محمد نواز شریف کی چترال دوستی کی بدولت آئیندہ سردیوں میں چترال کا ہر باشندہ جب چاہے جہاں چاہے لواری ٹنل کے ذریعے سفر کریگا۔
