
ضلعی ناظم اور ڈی سی چترال اے ڈی(آرڈی ڈی)اور اسسٹنٹ انجینئر کا قبلہ درست کریں۔وی سی ناظمین دروش
چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)وی ناظمین دروش عمران الملک،وقار احمد،رحمت خان اور کفایت اللہ نے ایک مشترکہ اخباری بیان میں اسسٹنٹ انجینئر فہم جلال کے نامناسب رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وی سی ناظمین دروش کے ایک وفد نے عمران الملک کی قیادت میں
گذشتہ روز اسسٹنٹ انجینئر فہم جلال سے ملاقات کی۔جس میں 30نومبر کو مسنوخ کئے گئے ویلج کونسل کے اے ڈی پی کے بارے میں اظہار خیال کیاگیا۔اور ویلج ناظمین نے ڈیڑھ ماہ گذرنے کے باوجوددوبارہ ٹینڈر نہ کرنے کی وجہ پوچھی تو اسسٹنٹ انجینئر بجائے وضاحت کرنے کے سیخ پا ہوکر کہنے لگے کہ اس میں ویلج کونسل اور ناظمین کا کوئی اختیار نہیں اور ہم اپنی مرضی سے ٹینڈر جاری اور منسوخ کرسکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ انجینئرنے بلدیاتی سسٹم اور ویلج کونسل کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم مذاق ہے۔اس میں سار دارمدار اور اختیار اے ڈی آفس کے پاس ہے۔جبکہ ویلج کونسل اس کے طفیلے ہیں۔جس پر ناظمین اور انجینئر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ 30نومبرکو دروش کے چار وی سی کے اے ڈی پی کے ٹینڈروں کو وی سی ناظمین کو اعتماد میں لیے بغیر منسوخ کئے گئے تھے۔اور ٹینڈر کھولنے کے لئے مقررہ وقت یعنی دو بجے کے بجائے بارہ بجے منسوخ کئے گئے تھے۔ وی سی ناظمین نے مزید بتایا کہ اس وقت اے ڈی اور انجینئر کی سربراہی میں کرپشن اور کمیشن کا بازارگرم ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے ہزار دعوں کے باوجود کوئی بہتری نظر نہیں آرہی ہے۔اُنہوں نے ضلعی ناظم اور ڈپٹی کمشنر چترال سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی(آرڈی ڈی)اور اسسٹنٹ انجینئر فہم جلال کا قبلہ درست کیا جائے۔بصورت دیگر آل ویلج کونسل فورم دروش احتجاجی تحریک چلانے سمیت انٹی کرپشن کا دروازہ بھی کھٹکٹائیں گے۔
