چترال میں بارش اور برفباری نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے۔منگل کے روز لواری ٹنل آمدورفت کے لئے کھلی رہیگی۔

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) چترال میں بارش اور برفباری نے سنگین صورت اختیار کر لی ہے ۔ اتوار اور پیر کی شب سے چترال کے طول و عر ض میں بارش اور برفباری جاری ہے ۔ شوشت یارخون میں برف کا تودہ گرنے سے ایک شخص کے چھ بکریاں اور ایک بیل ہلاک ، کھوت تور کہومیں تین فٹ برف پڑی ہے ایک خالی مکان برف میں دب کیا ۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہو ا۔ تریچ روڈ پر کئی مقامات پر برف کے تودے گرنے سے روڈ مکمل طور پر بند ، جبکہ لٹکوہ میں بھی شدید برفباری جاری ہے ۔ یارخون اور لاسپور روڈ برفباری کی وجہ سے بند ، لوگ برف کے تودے اور پتھر و پہاڑی تودے گر نے کے خوف سے سفر نہیں کر رہے ۔ کالاش ویلی بمبوریت ، موڑکہو میں ڈیڑھ فٹ اور لواری ٹنل پر دو فٹ سے زیادہ برف پڑی ہے ۔ جبکہ برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس لئے منگل کے روز لواری ٹنل شیڈول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور این ایچ اے کی طرف سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ۔ تاہم ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چترال مظہر علی شاہ نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ اگر لواری کے اطراف میں برفباری زیادہ ہوئی ۔ تو اس وقت دیکھا جائے گا ۔ برفباری سے چترال میں زندگی مفلوج ہو چکی ہے ۔ اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ جلانے کی لکڑی نایاب ہے ،سلنڈر گیس اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔ اور لوگ لواری ٹنل کے راستے سامان کی ترسیل کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ گذشتہ پندرہ دنوں سے مسلسل بارشوں اور برفباری کی وجہ سے لواری ٹنل کے راستے سفر کرنے والوں کو شیڈول کے روز انتہائی مصائب سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔ اور مسافروں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے کیلئے چھتیس سے باون گھنٹوں تک انتظار اور سفر میں وقت صرف کرنا پڑتا ہے ۔ اس سلسلے میں این ایچ اے ، تعمیراتی کمپنی سامبو ، اورسکیورٹی کے ادارے کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

اترك تعليقاً

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔