
جی او سی ملاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل علی امیر اعوان کا برفانی تودہ سے متاثرہ شیرشال کا دورہ
چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)جی او سی ملاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل علی امیر اعوان نے حالیہ شدید برفباری سے متاثرہ علاقہ شیرشال کا دورہ کیا
اور علاقے کے متاثرین اور مقامی لوگوں سے ملے۔دورے میں کمانڈر چترال ٹاسک فورس کرنل نظام الدین شاہ،ڈی سی چترال شہاب حامد یوسفزئی ،ڈی پی او اکبر سعید،اے سی چترال الطاف اور ایم پی اے چترال سلیم خان جی او سی کے ساتھ موجود تھے۔موقع پر جی او سی کو واقعے کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی۔پاکستان آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید امدادی سامان، خیمے اور راشن پیکیجز متاثرین میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کیے گئے
۔جی او سی ملاکنڈ میجر جنرل امیر اعوان نے متاثرہ خاندانوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔جبکہ پی ڈی ایم اے کے طرف سے تین تین لاکھ روپے کا اعلان پہلے ہی سے کیا گیا ہے۔اہلیان علاقہ کی طرف سے جی او سی ملاکنڈ ڈویژن سے علاقے میں
علاج معالجے کی سہولیات اور ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت سڑکوں کو کھولنے کے مطالبے پر جی او سی نے ہرممکن مدد کی یقین دہانی کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے بھی علاقے کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کا اعادہ کیا۔واپسی پر متاثرہ علاقے کے چھ افراد کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال شہر پہنچایا گیا۔بعد ازین چترال سے 19مرد وخواتین جن
میں کافی تعداد میں مریض شامل تھے کو بذریعہ ہیلی کاپٹر دیر پناہ کوٹ پہنچایا گیا۔جوکہ راستوں کے بندیش کی وجہ سے چترال میں پھنسے ہوئے تھے۔
ہیلی کاپٹر میں جگہ کم پڑنے کی وجہ سے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے15 مسافروں جن میں خواتین،مرد اور مریض شامل تھے کو چترال سکاؤٹس کے خصوصی گاڑیوں میں
بذریعہ ٹنل دیر کے لئے روانہ کیا۔موقع پر موجود مسافروں نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کے اقدامات کو سراہا۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل نظام الدین نے
اس موقع پر کہا کہ ہم چترال کے عوام کے مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور اپنی طرف سے کوشش کررہے ہیں کہ مصیبت میں مبتلا عوام کی جتنی بھی خدمت ہم سے ہوسکیں وہ ہم کرینگے۔اُنہوں نے کہا کہ جی او سی ملاکنڈ ڈویژن سے چترال میں پھنسے ہوئے مسافروں کو لے جانے کے لئے
پاک آرمی کی ہیلی کاپٹر کے لئے بات ہوگئی ہے بہت جلد اس کابھی بندوبست کیا جائیگا۔
