
سی پیک کی کامیابی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک
پشاور(نمائندہ چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چین کی حکومت اور سرمایہ کار کمپنیوں کی خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں حکومتوں کے باہمی مفادات اور مجموعی طور پر پورے خطے کے لئے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک کی کامیابی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔ان کی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون اور شفاف ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں چیئرمین خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی غلام دستگیر کی سربراہی میں چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندہ وفد کے سا تھ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، پرنسٹن انوائرنمنٹ گروپ چین کے صدر Peter Tien، جنرل منیجر چائنا سینامک (SINOMAC)کارپوریشن کے علاوہ سیف انرجی گروپ اور ازمک کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک کے تناظر میں خیبر پختونخوا میں جاری منصوبوں ، صوبے میں سرمایہ کاری کی استعداد اور مواقعوں پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کا صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں خام مواد کی دستیابی اور قدرتی وسائل کی برتری کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مراعات پلان کر چکی ہے۔ حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور سہولتیں اور مراعات دے رہی ہے۔ تاہم سرمایہ کاروں کے ویزہ کے حصول اور ٹیکس میں استثنیٰ جیسے مسائل بھی متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے چینی کمپنیوں کو پیشکش کی کہ صوبے کے پن بجلی ، گیس، شمسی توانائی، معدنیات، پاکستان۔چین اور وسطی ایشیاء کو باہم منسلک کرنے والی شاھراہوں ، ماس ٹرانزٹ، رشکئی صنعتی زون، سی پیک ٹاور، زراعت اور فنی تربیت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فوری اور نادر مواقع موجود ہیں۔ وفد نے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع متعارف کرنے پر صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی شدید خواہش ظاہر کی اوریقین دلا یا کہ وہ اعلیٰ معیار کے مطابق کام کریں گے۔
