کائیگا ہائیڈرو 545میگاواٹ پراجیکٹ جنوبی کورین کمپنی ایس کے ۔ ای اینڈ سی کی معاونت سے تعمیر کیا جائے گا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کاندیا وادی کوہستان میں 545 میگا واٹ کے کائیگا ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے زمین کی نشاندہی کرنے اور منصوبے کی تعمیر کیلئے متعلقہ کمپنی کو مطلوبہ معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں بیرونی سرمایہ کاروں کی بھر پور معاونت کرے گی۔ زمین کے حصول اور سیکیورٹی سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ کائیگا ہائیڈرو پراجیکٹ جنوبی کورین کمپنی ایس کے ۔ ای اینڈ سی کی معاونت سے تعمیر کیا جائے گا جسکا تخمینہ لاگت 1.42 بلین امریکی ڈالر ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منصوبے کی تعمیر کے سلسلے میں ایس کے ۔ ای اینڈسی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے تعلیم و توانائی محمد عاطف خان، ایم این اے ساجدہ ذولفقار جبکہ ایس کے ۔ ای اینڈ سی کے جنرل منیجر ۔Eddy NAM ، منیجر Choris Hwans ، ڈائریکٹر نیشنل انجینئرنگ کارپوریشن بابر محمود، سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو ایس کے۔ ای اینڈ سی کمپنی کے کام، معیار اور سکوپ سمیت مجوزہ منصوبے کی تعمیر کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور صوبائی حکومت سے مطلوبہ معاونت پر بریفینگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت1.42 ارب ڈالر کی لاگت سے 545 میگاواٹ کے کایئگاہائیڈرو پراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی منظور ہوچکی ہے۔ آئندہ جولائی سے منصوبے کے ڈیزائن کی تیاری جبکہ آئندہ سال سے منصوبے کی تعمیر پر کام شروع ہو گا ۔ منصوبے کیلئے لائسنز اور موزوں اراضی کے حصول میں صوبائی حکومت کی معاونت درکار ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کومذکورہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے، زمین کی نشاندہی کرنے اور متعلقہ حکام سے ملکر زمین کا نرخ طے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کورین سرمایہ کاروں کی خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاروں کیلئے گہری دلچسپی کا بھی خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں بھرپور مدد کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پن بجلی کے شعبے میں متعدد را سائٹس میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع دستیاب ہیں جن میں سرمایہ کاری کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کار کمپنیوں خصوصاً ایس کے ۔ ای اینڈ سی کو خوش آمدید کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے خیبر پختونخوا کو سرمایہ کاری کیلئے اوپن کر دیا ہے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایک قابل عمل نظام وضع کیا ہے جسکے تحت نجی اور بیرونی سرمایہ کار وں کو مواقع دیئے جا رہے ہیں سرمایہ کاری کے مجموعی عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔