سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے کے خلاف اورکشمیری قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 9جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی مارچ کریں گے ۔ امیر جے آئی سراج الحق

منصورہ (چترال ایکسپریس)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے عمرہ اور سنت اعتکاف کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپسی پر جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب میں دو اہم اعلان کئے ہیں اور کہا ہے کہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کی شدید مذمت اوراس اعلان کو مسترد کرتے ہیں اور ٹرمپ کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف9جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی مارچ کریں گے ۔جے آئی ٹی فیصلے کے بعد بیرونی بنکوں میں موجود ملکی دولت پاکستان لائیں گے ۔کرپٹ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک انبارلگا لئے ہیں ،لوٹی گئی دولت اور موجودہ و سابقہ حکمرانوں کے اثاثوں کو بے نقاب کرنے کیلئے جماعت اسلامی ویب سائٹ بنائے گی۔کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عوام ہمارا ساتھ دیں۔کرپٹ حکمرانوں کا ساتھ دینے والے اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے اداروں کا قبلہ درست کرکے انہیں قومی ادارے بنائیں گے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سب سے بڑا دہشت گرد خود امریکہ ہے جو بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے۔امریکہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم کرنے کیلئے کھل کر سامنے آگیا ہے ۔مودی کل تک دہشت گرد تھا اور یورپ اور امریکہ میں اس کے داخلے پر پابندی تھی اور آج ٹرمپ کا جگری یار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہیرو شیما اور ناگا ساکی پر ایٹم بم گرا کر لاکھوں انسانوں کو زندہ جلانے اور عراق اورافغانستان میں لاکھوں معصوم مسلمانوں کا قتل عام کرنے والا امریکہ دنیا بھر میں اسلام کے خلاف جنگ لڑرہا ہے اور عالم اسلام کے بزدل اور امریکی کاسہ لیس حکمران اس جنگ میں اس کے اتحادی بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی استعماری اور سامراجی قوتوں نے اسلامی تحریکوں کو ہدف بنا رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے محض مودی کی خوشنودی کیلئے حریت پسند سیدصلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی پہلے دن سے امریکی مفادات کے گرد گھومتی رہی ہے مگر 70سالہ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ امریکہ نے کبھی ہمارا ساتھ نہیں دیا ،جب پاکستان دولخت ہوا امریکہ نے آخری وقت تک دھوکے میں رکھا کہ اس کا بحری بیڑا مدد کیلئے آرہا ہے ، پاکستان کا بیڑا غرق ہو گیا مگر امریکی بیڑا آج تک نہیں پہنچا ۔انہوں نے کہاکہ آج ملک کا کوئی وزیر خارجہ ہے نہ خارجہ پالیسی ہے ۔حکمران امریکی ڈکٹیشن پر فیصلے کرتے ہیں ، حکمران امریکہ کی ناراضگی سے ڈرتے ہوئے کشمیری قوم سے بے وفائی اور شہداء کے خون سے غداری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ساتھ دینا حکمرانوں کی مجبوری ہوگی ،پاکستان کے 20کروڑ عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔کشمیر ی پاکستان کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی مظلوم قوم کی آزادی کیلئے لڑنے والا سید صلاح الدین کروڑوں پاکستانیوں کا ہیرو ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لندن،پانامہ ،دبئی اور سوئس بنکوں میں موجود اربوں ڈالر کسی غریب کے نہیں بلکہ باریاں بدل بدل کر حکمران بننے والوں کے ہیں ،ملک سے لوٹی گئی دولت کا کھوج لگانے اور اسے بے نقاب کرکے پاکستان لانے کیلئے جماعت اسلامی نے خصوصی سیل قائم کردیا ہے اور بہت جلد ایک ویب سائٹ بنائی جائے گی تاکہ اندورون و بیرون ملک پاکستانی چوری کی اس دولت کے بارے میں جان سکیں ۔انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم قومی خدمت میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک جلد کامیابی سے ہمکنا ر ہوگی ،عوام غیر جانبدار یا خاموش رہنے کی بجائے اللہ کے سامنے جواب دہی کے احساس سے آگے بڑھیں اور ان چوروں اور لٹیروں کے احتساب کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔