چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ یحییٰ آفریدی کا ڈسٹرکٹ کورٹس چترال کا دورہ

چترال ( نمائندہ چترال ایکسپریس) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے چترال میں اپنے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ کورٹس چترال کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ججز ، وکلاء اور عدالتی اسٹاف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ اور اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دھانی کرائی ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال محترمہ صوفیہ وقار خٹک نے چیف جسٹس کو ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے پچھلے چار مہینوں کی کارکردگی کے حو الے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ جس میں نئے کورٹ رومز کا قیام ، کورٹ رومز کی مرمت و آرائش ، لائبریری کا قیام ، مصالحتی عدالت کا قیام ، مصالحت کے ذریعے تین سو سولہ ( 316) مقدمات کا فیصلہ ، بذریعہ انٹر نیٹ کیسوں کی فائلنگ اور ایس ایم ایس کا اجرا سر فہرست ہیں ۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ڈسٹرکٹ جو ڈیشری کے اقدامات کو سراہا ، اور ان کو ماڈل قرار دے کر دوسرے اضلاع کیلئے بھی ان اقدامات کو معیار قرار دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ چیف جسٹس نے تحصیل کورٹس مستوج ایٹ بونی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے جوڈیشل آفیسر اور بونی بار کے وکلاء سے ملاقات کی ۔ اُن کے مسائل سنے اور اپنے دائرۂ اختیار میں آنے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے تحصیل کورٹس مستوج ایٹ بونی کو پہلا ماڈل تحصیل کورٹ بنانے کا بھی اعلان کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔