وادی گولین کے سینکڑوں لوگوں کا گولین کو واپڈا کی طرف سے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف پرامن احتجاج اور جلسہ 

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس) وادی گولین کے سینکڑوں عوام نے واپڈا کے خلاف گولین کو بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف گولین کے مین شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا اور جلسہ کیا۔جلسے کی صدارت سابق رکن صوبائی اسمبلی اور ضلع کونسل کے رکن مولانا عبد الرحمان نے کی۔احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس بجلی گھر کیلئے گولین میں بہت بڑا پانی کا تالاب بنایا گیا جس کی وجہ سے انکی آبپاشی اور پینے کی پانی بھی متاثر ہوئی حتٰی کہ مساجد میں بھی پانی کی قلعت پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ سالوں سے ان کی فصلیں تباہ ہورہی ہیں اور کام کی وجہ سے یہاں کے لوگ بُری طرح متاثر ہوئے۔
مقررین نے کہا کہ واپڈا کا مین لائن گزرنے کی وجہ سے یہ لوگ دو منزلہ آبادی بھی تعمیر نہیں کرسکتے اور پانی کی قلعت کی وجہ سے ان کی پن چکی، چھوٹے پن بجلی گھربھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے نہایت خندہ پیشانی سے یہ سب کچھ اس اُمید سے برداشت کیا کہ ان کو بجلی ملے گی۔ مگر اب جب یہ بجلی گھر تیار ہورہا ہے تو واپڈا والوں نے ان کو خوشخبری سنائی کہ ان کو بجلی نہیں مل سکتی جو کہ نہایت زیادتی اور سراسر بے انصافی ہے۔
مقررین نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی، سیکرٹری اور چیئرمین واپڈا کے ساتھ ساتھ چیف ایگزیکٹیو پیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ گولین کے لوگ بھی پاکستانی ہونے کے ناطے سے اس کے حق دار ہے کہ واپڈا کی بجلی گھر سے ان کو بجلی دی جائے انہوں نے کہا کہ وادی گولین کے 3500 کی آبادی بجلی سے محروم رکھنا آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے۔
مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر ان کو ان کا جائز حق یعنی بجلی نہیں دی گئی تو وہ جنوری کے مہینے میں وزیر اعظم پاکستان کے متوقع دورہ اور اس بجلی گھر کے افتتاح کو بھی سبو تاژ کریں گے اور ان کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ بعد میں یہ جلسہ پر امن طور پر منتشر ہوا۔ جلسہ میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وادی گولین کے تین ہزار آبادی کو بجلی سے محروم نہ کیا جائے اور بجلی گھر میں درجہ چہارم اور نچلے درجے کے ملازمتیں بھی مقامی لوگوں کو دی جائے کیونکہ مقامی لوگوں کی زمین اور فصل متاثر ہوئی ہیں لہذا یہ ان کا حق ہے کہ کلاس فور کی ملازمت ان کو دی جائے انہوں نے فیصلہ کیا ہ جب تک ان کی مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ جلسے سےسابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن،ممبر ڈسٹرکٹ کونسل پی ٹی آئی رہنما عبداللطیف،شریف حسین ودیگر نے خطاب کیا۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔