
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن کو گیس کی فراہمی کا مسئلہ بلا تاخیر حل کرنے کے عزم کا اظہار
پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن کو گیس کی فراہمی کا مسئلہ بلا تاخیر حل کرنے کے عزم کا اظہارکیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں گیس سپلائی کی مجوزہ اور جاری سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹیں او رمسائل دور کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے گیس رائلٹی کی مد میں کوہاٹ ڈویژن کے بقایاجات کی ادائیگی کا بھی یقین دلاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رواں سال رائلٹی کا پورا سالانہ حصہ اے ڈی پی ڈال دیا گیا ہے ۔ یہ کوہاٹ کے عوام کا جائز حق ہے جواُنہیں ضرور ملے گا۔وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کوہاٹ ڈویژن کو گیس کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ،ایم این اے شاہد احمد، وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاء اﷲ بنگش، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اﷲ خان اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ کمشنر کوہاٹ، آر پی او کوہاٹ، جنرل منیجر سوئی نادرن گیس پائپ لائن، ڈپٹی کمشنر کرک اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو کرک ، ہنگواور کوہاٹ کے اضلاع میں گیس کی فراہمی اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اس موقع پر گرگری ، ٹل اور انارچنار میں مجوزہ اور جاری سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ سکیموں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ بلا شبہ کوہاٹ کے عوام کو گیس ملنی چاہیئے کیونکہ یہ اُن کا حق ہے۔ منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے اُن کے تخمینہ لاگت میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے جو نقصان کا باعث ہے دوسری طرف گیس کے بند کنوؤں کو کھولنا بھی ناگزیر ہے اور یہ صوبے کی ضرورت بھی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت چیلنجز کے باوجود اس مسئلے کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بھی اُس کے شیئر کی فراہمی کا مطالبہ کریں گے تاہم کام رکنا نہیں چاہیئے۔ اس موقع پر کوہاٹ ڈویژن کے عوامی نمائندوں نے بھی سکیموں پرعمل درآمد اور گیس سپلائی سے متعلقہ دیگر مسائل حل کرنے کیلئے اپنی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
